پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اور لیبر ونگ پاکستان کے صدرزبیر خان نے کہا ہے کہ آئندہ بجٹ ہی صحیح معنوں میں (ن) لیگی حکومت کا پہلا امتحان ہوگا
Posted on June 12, 2013 By Noman Webmaster کراچی
کراچی : پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اور لیبر ونگ پاکستان کے صدرزبیر خان نے کہا ہے کہ آئندہ بجٹ ہی صحیح معنوں میں (ن) لیگی حکومت حکومت کا پہلا امتحان ہو گا، جس سے اُن کی ترجیحات کا انداز ہ ہوجائے گا۔ پارلیمنٹ میں عہدوں کے حصول کے لیے مختلف جماعتوں کے مابین خیر سگالی کے جذبات اور مفاہمتی پالیسیوں نے ہمیشہ قوم کو ہی امتحان میں ڈالا ہے۔
کراچی میں روزانہ کی بنیاد پر قتل و غارت گری اور ٹارگٹ کلنگ میں 15 سے 20 افراد کی بہیمانہ ہلاکتوں کا اگر اب بھی سنجیدگی سے نوٹس نہ لیا گیا اور اس سفا کا نہ سلسلہ کو نہ روکا گیا تو اس کے نتائج پوری قوم کے لیے بھیانک ثابت ہونگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تین روزہ تنظیمی دورہ بلوچستان سے واپسی پر لیبر ونگ کے ایک اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اجلاس میں مختلف اداروں، زونز اور انڈسٹریل ایریا کے عہدیداروں کے علاوہ مرکزی انفارمیشن سیکریٹری خالد عمران، حافظ فضل کریم ایڈووکیٹ، محمد علی قریشی، نمروز خان، عتیق قریشی ایڈووکیٹ، حبیب اللہ آقا خیل اور دیگر رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔ زبیر خان نے مزید کہا کہ (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی نے اپنے اپنے انتخابی منشوروں میں مہنگائی پر قابو پانے اور مزدوروں کی تنخواہ بالترتیب 15 ہزار اور 18 ہزار مقرر کرنے کا وعدہ کیا تھا۔
، ہمارا مطالبہ ہے کہ بجٹ میں ان وعدوں پر عملدرآمد کا اعلان کیا جائے۔ ہم کسی صورت حکومتی جماعتوں کو اپنے منشوروں میں کیے گئے وعدوں سے فرار نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی و پنجاب میں پی ٹی آئی کے مینڈیٹ پر ڈاکہ نہیں ڈالا جاتا تو آج ان علاقوں کے عوام کے حقیقی نمائندے عوام کے ساتھ مل کر امن و امان کی مخدوش حالات پر کنٹرول پا سکتے تھے۔
ہم نے ان دھاندلیوں کے خلاف ا لیکشن کمیشن اور مختلف ٹریبولنز میں تھمب امپریشن اور ری پولنگ کے لیے درخواستیں دائر کر رکھی ہیں۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ ہماری ان درخواستوں پر فوری کارروائی عمل میں لائی جائے۔ اور عوام کے حق رائے دہی کا مکمل احترام کیا جائے۔ زبیر خان نے کہا کہ بلوچستان میں پہلی بار ایک متوسط طبقہ کی قیادت میں حکومت آئی ہے۔
ہمیں امید ہے کہ یہ مدبرانہ قیادت بلوچستان کا احساس محرومی دور کرنے کے ساتھ ساتھ ہتھیار بند بلوچوں کو مذاکرات کے ذریعے قومی دھارے میں لانے میں کامیاب ہوجائے گی جو ایک مضبوط و مستحکم پاکستان کی جانب سفر کا آغاز ثابت ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لیبر ونگ بڑی تیزی سے پورے ملک میں اپنی تنظیم سازی مکمل کر رہی ہے۔ اور انشاء اللہ وہ وقت جلد آنے والا ہے کہ ملک کا ہر محنت کش متحد و منظم ہو کر تحریک انصاف کے پلیٹ فارم سے اس ملک کو زرعی، صنعتی اور تجارتی مرکز بنا دے گا۔