پاکستانی مصورہ نائزہ خان کیلئے پرنس کلاز ایوارڈ

Karachi

Karachi

کراچی (جیوڈیسک) پاکستان سے تعلق رکھنے والی مصورہ نائزہ خان کو ایمسٹرڈم میں ان کی خدمات پر پرنس کلاز ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔ نائزہ خان تیسری پاکستانی ہیں جنہیں یہ اعزاز حاصل ہوا ہے۔ نائزہ خان کا شمار پاکستان کی معروف مصورہ اور سماجی شخصیات میں ہوتا ہے۔

جنہوں نے اپنے فن پاروں میں پاکستان کو درپیش مشکلات، معاشرتی مسائل اور بلخصوص پاکستانی معاشرے میں خواتین کے کردار اور ان کے درپیش مسائل کی عکاسی کی ہے۔ نائزہ خان، عارف حسن اور مدیحہ گوہر کے بعد تیسری پاکستانی ہیں جو پرنس کلاز ایوارڈ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی ہیں۔

یہ عالمی ایوارڈ د ان مصوروں، فنکاروں اور اداروں کو دیا جاتا ہے جن کی خدمات ان کے ملک کی پہچان بنتی ہیں۔ نائزہ خان بھی ان 11 افراد میں سے ایک ہیں جن کی صلاحیت اور خدمات کو سراہتے ہوئے ایمسٹرڈم میں ہونے والی ایوارڈ کی تقریب میں اس اعزاز سے نوازا گیا۔ پرنس کلاز ایوارڈ حاصل کرنے والے دیگر ممالک میں ساتھ افریقہ، چلی، میکسیکو، چین، کولمبیا، انڈونیشیا اور دیگر ممالک شامل ہیں۔