واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکی محکمہ خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان وعدے کے مطابق ممبئی حملے کے ملزمان اور ان کی مالی معاونت کرنے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے میں تعاون کرے۔
واشنگٹن میں امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان جین ساکی نے میڈیا بریفنگ کے دوران کہا کہ ممبئی حملہ کیس کے حوالے سے جاری قانونی کارروائی کے نتائج پر کچھ نہیں کہا جاسکتا، ہماری طرف سے حکومت پاکستان پر زور دیا گیا ہے کہ وہ وعدے کے مطابق ممبئی حملے کے ملزمان اور ان کی مالی معاونت کرنے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے میں تعاون کرے اور ہمیں امید ہے کہ پاکستانی حکومت اپنے اس عہد کی تکمیل کرے گی اور حملے میں ملوث تمام افراد کو سزا دے گی۔
جین ساکی کا کہنا تھا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے ممبئی حملے کے مرکزی ملزم کی رہائی کے حکم کی رپورٹ کا جائزہ لے رہے ہیں تاہم ملزم کو ابھی رہا نہیں کیا گیا اور وہ قید میں ہے۔