مرکزی قیادت نااہل وزراء سے فوری جان چھڑالے:اکرم خان

Akram Khan

Akram Khan

فیصل آباد (جیوڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن کے سابق سٹی جنرل سیکرٹری محمد اکرم خان نے اپنے بیان میں شدید رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کی مرکزی قیادت پرویز رشید، رانا مشہود، تہمینہ دولتانہ اور دیگر نا اہل وزراء سے فوری جان چھڑائے جن کے غیر سیاسی بیانات نے آج پارٹی کو گھٹنوں کے بل آنے پرمجبور کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج پارٹی کی تنظیمی سیاست کو پس پشت ڈال کر چند ٹاؤٹوں، بھتہ خوروں اور قبضہ گروپوں کے ذریعے پارٹی کو چلایا جا رہا ہے قربانیاں دینے اور جیلیں کاٹنے والے جانثار کارکن مایوس ہو کر گھروں میں بیٹھ گئے جبکہ موقع پرست کارکن لوٹ مار کر کے پارٹی کی بدنامی کا باعث بن رہے ہیں۔

انہوں نے قائد پاکستان میاں نواز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر پارٹی اصلاحات کی طرف توجہ دیں۔ دیانتدار اور جانثار کارکن ہی پارٹی کو سیاسی بحران سے نکالنے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور اگر آج ان حالات کا ادراک نہ کیا گیا تو پارٹی کو سیاسی طور پر شدید نقصان اٹھانا پڑ سکتا ہے جو کسی بھی طور پر ملک اور پارٹی کیلئے سود مند نہ ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی اعلیٰ کردار کے ممبران قومی و صوبائی اسمبلی کو اہمیت دے اور انہیں ہر مشاورت میں اپنے ہم قدم رکھتے ۔انہوں نے مزید کہا کہ قیادت بیورو کریسی کے بجائے اپنے ممبران اسمبلی پر بھروسہ کرے کیونکہ آج بھی جانثار کارکن ہر وقت بہتری کے لئے تیار اور میاں نواز شریف کو قوم کے سامنے سرخرو دیکھنے کے خواہش مند ہیں۔