فیصل آباد (سٹی رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما ء این اے 83 مرزا مدثر حسین مغل کہا ہے کہ سانحہ پشاور پاکستانی تاریخ کا ایک المیہ ہے۔ تمام سیاسی جماعتوں اور لیڈروں کو ابھی سے فیصلہ کرنا ہوگا کہ انہیں سیاست ،اقتدار یا پاکستان بچانے کی ضرورت ہے۔ضرب عضب جیسے اقدامات کے لئے سیاست کی بجائے ملکی سالمیت اوردہشت گردی کا خاتمہ ایجنڈا ہونا چاہئے۔
دہشت گردوں نے معصوم طلباء کو شہید کرکے علم دشمن قدم اٹھایا ہے۔جس سفاکی سے 132 بچوںکی مائوں کی گود اجاڑی گئی اورسکول سٹاف کو شہید کیا گیااس کی ملکی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔ یہ تمام سٹیک ہولڈرزکے لئے پیغام ہے کہ وہ پاکستان اور مستقبل کے معماروں کا مستقبل محفوظ بنانے کے لئے دہشت گردی کے خاتمہ کو پہلی ترجیح دیں۔ اگردہشت گردی کے خاتمہ کی بجائے اقتدار اور سیاست کوترجیح دی گئی تونئی نسل انہیں معاف نہیںکرے گی بلکہ مورخ بھی ان کانام سیاہ الفاظ میں لکھے گا۔
انہوں نے کہاکہ حکومت نے دہشت گردی کے مقدمات میں ملوث مجرموں کی سزائے موت بحال کرکے نیک نیتی ثابت کردی ہے۔انہوںنے کہاکہ واقعہ نے ہر آنکھ اشکباراوردل چھلنی کردیئے ہیں۔ پاک فوج قیام امن اور لوگوں کی جان ومال کی حفاظت میں اپنی جانوں کے نذرانے پیش کررہی ہے۔ دہشت گردوں اور پرویز مشرف کا نظریہ قوم نے مسترد کردیا ہے۔ انہوںنے دعا کی کہ اللہ رب العزت شہداکے ورثاکو صبروجمیل عطا فرمائے۔