اسلام آباد: وفاقی وزیر مملکت پانی و بجلی چوہدری عابد شیر علی نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے بجلی کی قیمتوں میں نمایاں کمی کر کے عوام دوستی کا ثبوت دیا ہے۔
ایک ماہ میں دوبار پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اور اب بجلی کی قیمتوں میں کمی کر کے عوام کے دل جیت لئے ہیں۔ بجلی کی قیمتوں میں کمی کا اعلان عوام کے لئے تحفہ ہے۔ عوام کو ریلیف کی فراہمی پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کا اولین ایجنڈا ہے اور عوام کی فلاح و بہبود کے لئے آئندہ بھی اقدامات کا سلسلہ جاری رہے گا۔ان خیالات کا اظہارنے گزشتہ روز تحریک تحفظ حقوق عوام پاکستان کے مرکزی صدر پیر مولانا عبدالشکور نقشبندی کی قیادت میں وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
وفد نے وفاقی وزیر مملکت کو عوامی مسائل سے آگاہ کیا اور بعض تجاویز بھی پیش کیں۔وفاقی وزیر مملکت پانی و بجلی چوہدری عابد شیر علی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی خدمت پاکستان مسلم لیگ (ن) کامشن ہے۔ عوام کو ریلیف کی فراہمی کے منصوبوں پر اربوں روپے کے وسائل خرچ کئے جا رہے ہیں۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی سے عوام کو حقیقی معنوں میں ریلیف ملا ہے اور اب بجلی کی قیمتوں میں نمایاں کمی سے بھی عوام کو فائدہ پہنچے گا۔
انہوں نے کہا کہ انتشار کی حالیہ سیاست سے پاکستان کی معیشت کو نقصان پہنچا ہے۔ بے مقصد احتجاجی سیاست پر پوری قوم دکھی ہے اور سیاستدانوں سے بہتری کی توقع رکھتی ہے۔ اتحاد اور ایثار وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ پاکستان کو آگے لے جانے کے لئے”میں ،،کی بجائے ”ہم” کی روش اپنانا ہو گی۔ ”میں” کے رویے نے ملک کا بے پناہ نقصان کیا ہے۔ ذاتی انا اور جماعتی مفادات کی قربانی دے کر پاکستان کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے لئے کام کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتشار کی سیاست کرنے والے جان لیں کہ مسلم لیگ (ن) کا جینا مرنا عوام کے ساتھ ہے۔ پاکستانی قوم کی ترقی اور خوشحالی کی راہ میں کسی کو رخنہ ڈالنے کی اجازت نہیں دے گی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے 18 کروڑ عوام ملک کو پھلتا پھولتا دیکھنا چاہتے ہیں اور وہ احتجاجی اور منفی سیاست کے ذریعے بیرونی دنیا میں ملک کی ساکھ کو خراب کرنے والوں اور ملک کو معاشی طور پر نقصان پہنچانے والوں کو کسی طور پر معاف نہیں کریں گے۔ عدم برداشت کی جاری سیاست ملک سے جمہوریت کے خاتمے کا باعث بنے گی اور ملک کے طول و عرض میں عوام میں مایوسی پھیل جائے گی کیونکہ پاکستان کے عوام جمہوری نظام چاہتے ہیں۔
تحریک انصاف محاذ آرائی کو فروغ دے کر جمہوری نظام کو نقصان پہنچا رہی ہے، تحریک انصاف کی قیادت میں دوراندیشی کا بڑا فقدان ہے،عمران خان صورتحال کی سنگینی کو سمجھ ہی نہیں رہے جس سے ملکی سلامتی کو خطرات لاحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام احتجاج اور انتشار کی سیاست سے سخت نالاں ہیں۔عوام نے مسلم لیگ (ن) کو عوامی خدمت کا مینڈیٹ دیا ہے۔ ان کے اعتبار پر پورا اتریں گے اور عوام کو ریلیف کی فراہمی کے لئے اقدامات کرتے رہیں گے۔