ابوظہبی (اصل میڈیا ڈیسک) ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاکستان نے نمیبیا کو 45 رنز سے شکست دے کر سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی۔
ابوظہبی میں کھیلے گئے سپر 12 مرحلے کے میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بابراعظم اور رضوان کی نصف سنچریوں کی بدولت مقررہ اوورز میں 189 رنز بنائے جس کے جواب میں نمیبیا نے 140 رنز بنائے۔
نمیبیا کی جانب سے سٹیفن بارڈ نے 29 رنز کی اننگز کھیلی تاہم مائیکل وین لنگن 4 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔ کریگ ولیمز نے 40 رنز کی اچھی اننگز کھیلی، کپتان گرہارڈ ایراسمس15 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ جے جے سمٹ 2 رنز ہی بناسکے جب کہ ڈیوڈ ویزے 43 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔ قومی ٹیم کی جانب سے حارث رؤف، حسن علی، عماد وسیم اور شاداب خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ قومی ٹیم کی جانب سے کپتان بابراعظم اور محمد رضوان نے اننگز کا آغاز محتاط انداز میں کیا اور پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کو 113 رنز کا بہترین آغاز فراہم کیا۔ اس دوران دونوں بلے بازوں نے اپنی نصف سنچری اسکور کی۔
پاکستان کی پہلی وکٹ بابر اعظم کی صورت میں گری جو 70 رنز بناکر کیچ آؤٹ ہوئے، اس کے بعد فخر زمان بیٹنگ کے لیے آئے لیکن صرف 5 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔
محمد رضوان 50 گیندوں پر 79 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے جس میں 4 چھکے اور 8 چوکے شامل ہیں۔ محمد حفیظ 16 گیندوں پر 32 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔