راولپنڈی (جیوڈیسک) آئی ایس پی آر کے مطابق، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے نصر میزائل کے کامیاب تجربے کا خود مشاہدہ کیا۔ اس موقع پر بات کرتے ہوئے جنرل قمر باجوہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کی دفاعی صلاحیت امن کی ضامن ہے اور نصر میزائل کے کامیاب تجربے نے کولڈ سٹارٹ ڈاکٹرائن پر ٹھنڈا پانی ڈال دیا ہے۔
آرمی چیف نے سٹریٹجک فورس کی آپریشنل تیاریوں اور تربیت کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہر قیمت پر جنگ سے بچنا چاہئے اور ہماری دفاعی صلاحیت کا مقصد کسی بھی جارحیت کو روکنا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان امن و استحکام کو یقینی بنانے کیلئے کسی بھی حد تک جا سکتا ہے اور ہم حکومت کی مذاکرات کے ذریعے امن قائم کرنے کی کوششوں کی حمایت کرتے ہیں۔
نصر میزائل 60 سے 70 کلو میٹر کے فاصلے تک ہدف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔