اسلام آباد(جیوڈیسک)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ میں تمام پاکستانیوں کا تہہ دل سے شکریہ کرنا چاہتا ہوں۔ ہر مکتبہ فکر کے افراد نے میری صحت کے لئے دعائیں کیں جس کا میں بے حد مشکور ہوں۔ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ اللہ تعالی جتنا آپ کو دیتا ہے۔
اتنی ہی ذمہ داری بھی ڈال دیتا ہے۔ میں سیاست میں اس لئے آیا کہ پاکستانی قوم کو ان اندھیروں سے نکال سکوں۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ میں نے سیاست میں آکر بہت کچھ کھویا۔ میرا گھر ٹوٹ گیا۔ میرے بچے دور چلے گئے لیکن میں نے یہ سب کچھ پاکستانی قوم کے لئے برداشت کر لیا کیونکہ مجھے یقین تھا کہ ایک دن پاکستانی قوم ضرور اپنا مستقبل بچانے کے لئے نکلے گی جس طرح آپ لوگ اسلام آباد میں نکلے ہیں۔
اسلام آباد میں ویڈیو لنک کے ذریعے جلسہ عام سے خطاب میں عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستانی قوم اس موقع کو اپنے ہاتھ سے جانے نہ دے۔ میں جو کچھ کر سکتا تھا وہ میں نے کیا لیکن اب ذمہ داری پاکستانی قوم کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی کے عوام جان لیں جن سیاسی جماعتوں کے پاس مسلح گروپ ہیں وہ کبھی امن نہیں لا سکتے۔ اپنا خوف ختم کرنے کے لئے آپ لوگوں کو خود اپنے گھروں سے نکلنا پڑے گا۔
سندھ کے عوام بتائیں کہ وہ کتنے دن تک وڈیروں کے نام پر بکتے رہیں گے۔ اپنی تقدیر بدلنے کا اختیار آپ کے ہاتھ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں اسلام کے نام پر سیاست کی جاتی رہی جبکہ بلوچستان میں سردار غریب عوام پر گزشتہ 64 سالوں سے مسلط ہیں۔
خیبر پختونخوا کے عوام نے انشا اللہ تحریک انصاف کے حق میں فیصلہ کر لیا ہے۔ پنجاب کے عوام سے بھی میرا سوال ہے کہ اگر آپ سمجھتے ہیں کہ آپ پر گزشتہ 25 سالوں تک حکمران رہنے والوں نے آپ کے مسائل کے حل کے لئے کیا کچھ کیا ہے۔
یہ لوگ گزشتہ 5 باریوں میں آپ کے لئے کچھ نہیں کر سکے وہ چھٹی باری میں آپ کے لئے کیا کریں گے۔ اللہ پاک نے تحریک انصاف کی صورت میں آپ کو ایک نیا موقع دیا ہے۔ آپ پر حکومت کرنے والوں نے پاکستان کو بہت پیچھے دھکیل دیا ہے۔ میں پاکستانیوں سے اپیل کرتا ہوں کہ پاکستان کا مستقبل بدلنے کے لئے تحریک انصاف کو ووٹ دیں۔ پاکستانی عوام برادری نظام سے نکلے اور صرف نظریے کو ووٹ دے۔