پاکستان بابائے قوم کے وژن کے مطابق امن کا خواہاں ہے: آرمی چیف

General Qamar Javaid Bajwa

General Qamar Javaid Bajwa

راولپنڈی (جیوڈیسک) پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ پاکستان امن پسند ملک اور بابائے قوم کے وژن کے مطابق امن کا خواہاں ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بہاولپور کور کی فارمیشنز کا دورہ کیا جہاں انہوں نے موسم سرما کی اجتماعی ٹریننگ کا جائزہ لیا۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے افسران اور جوانوں سے گفتگو میں کہا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے اور بابائے قوم کے وژن کے مطابق امن کا خواہاں ہے۔

سربراہ پاک فوج نے کہا کہ مسلح، تربیت یافتہ اور پیشہ ورانہ طور پر مضبوط فوج جنگ روکنے اور امن کی ضمانت ہوتی ہے۔

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاک فوج دہشت گردی کے خلاف لڑنےکے تجربے سے سخت جان فورس بن چکی ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے دفاعی کورکے حصے کے طور پر میکینائزڈ فارمیشن کی مشق دیکھی۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ آرمی چیف نے مشرقی سرحد کے ساتھ فورٹ عباس سیکٹر میں ایک انفنٹری فارمیشن کا بھی دورہ کیا اور ٹریننگ کے اعلیٰ معیار اور آپریشنل تیاریوں پر اظہار اطمینان بھی کیا۔