کراچی (اسٹاف رپورٹر) نیشنل بنک آف پاکستان کے زیر اہتمام محترمہ بے نظیر بھٹو اسپورٹس کمپلیکس کے پی ٹی پر جاری “پہلا آل پاکستان نیشنل بنک پریذیڈنٹ کپ فٹ بال ٹورنامنٹ “میں مزید 2میچوں کے فیصلے ہوگئے۔
پہلے میچ میں الیکٹرک کی ٹیم نے مضبوط حریف پاکستان انٹر نیشنل ائرلائن کی ٹیم کو 2-1سے شکست دیدی،دوران کھیل 58ویں منٹ پر پی آئی اے کے شاکر لاشاری نے میچ کا پہلا گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی۔
ٹیم کو خساری میں جاتا دیکھ کے الیکٹرک کی جانب سے ٹیم کے معروف کھلاڑی عیسیٰ خان کو گرائونڈ میں اُٹارا گیا ،عیسیٰ خان نے گرائونڈ میں اُترتے ہی کے الیکٹرک کی جانب سے میچ میں جان ڈال دی عیسیٰ خان کے خوبصورت پاس پر کھیل کے 72ویں منٹ پر کے الیکٹرک کے اسٹرائیکر کلیم اللہ نے گول اسکور کرکے مقابلہ برابر کردیا۔
دونوں ٹیمیں کھیل میں جارحانہ موڈ میں نظر آئی ایک دوسرے کے گول پوسٹ پر حملوں کا سلسلہ تیز کردیا جس کے نتیجے میں کھیل کے 85ویں منٹ پر کے الیکٹرک کی ٹیم کو پنالٹی کک آلاٹ کی گئی جس پر کے الیکٹرک کے کھلاڑی محمد رسول نے گول اسکور کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی جو کہ کھیل کے اختتام تک جاری رہا اس طرح کے الیکٹرک کی ٹیم فتح کے ساتھ گرائونڈ سے باہر آئی۔
جبکہ ٹورنامنٹ میں کھیلے گئے دوسرے میچ میں سوئی سدرن گیس کی ٹیم نے مد مقابل ٹورنامنٹ کی فیورٹ ٹیم پاکستان نیوی کی ٹیم کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 2-0سے زیر کردیا فاتح ٹیم سوئی سدرن گیس کی جانب سے دونوں گول محمد لعل نے اسکور کئے ۔میچ کے اختتام پر مہمان خصوصی کے الیکٹرک کے شعبہ اسپورٹس کے انچارج میجر (ر) ریاض محمود اور اولمپئن منصور احمد سے کھلاڑیوں کا تعارف کرایا گیا۔
اس موقع پر نیشنل بنک کے قمر علی قریشی ،انور فاروقی ،نیشنل بنک کے اسپورٹس کنسلٹنٹ حاجی غلام محمد خان ،عظمت اللہ خان اور دیگر بھی موجود تھے۔ جاری کردہ :۔ میڈیا کوارڈینٹر