گوجرانوالہ : پاکستان دو قومی نظریہ کی بنیاد پر بنا اسی پر قائم رہے گا۔ دورِ حاضر میں غیور قوم کو قیام پاکستان کے وقت رقم کی گئی تاریخ دہرانے کی ضرورت ہے۔ بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کسی صورت قبول نہیں۔ بجلی کی قیمت میں 5 روپے یونٹ تک اضافے سے تجارت و صنعت تباہ ہو جائیگی۔
حکومت فیصلہ فوری واپس لے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنی اتحاد کونسل کے ڈویژنل صدر الحاج سرفراز احمد تارڑ کی عمرہ شریف کی سعادت حاصل کرنے کے بعد ان کے اعزاز میں دئیے گئے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ مدینة المنورہ سے سرکارِ دو عالمۖ کی طرف سے بلاوے کے بغیر حج و عمرہ کی سعادت حاصل نہیں ہوتی۔ مولانا محمد اکبر نقشبندی نے بھارت میں مودی حکومت آتے ہی لائوڈ سپیکر پر اذان پر پابندی کے مطالبے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اﷲ تعالیٰ اور رسول کریمۖ کا نام فضائوں میں گونجتا رہے گا۔
پابندی کا مطالبہ کرنے والوں کا نام و نشان مٹ جائیگا۔ بھارت میں انتہا پسند ہندو پاکستان سے نفرت کی علامت مودی کے وزیراعظم بننے سے سیکولرازم کے پردے میں ہندو ازم کھل کر سامنے آگیا۔ اس موقع پر پیر سید فدا حسین شاہ حافظ آبادی، صاحبزادہ محمد دائود رضوی، مفتی محمد حسین صدیقی، مفتی غلام نبی جماعتی، حافظ محمد رفیق قادری، صاحبزادہ عمار سعید سلیمانی، مفتی محمد سعید رضوی، مولانا محمد خالد حسن مجددی، پیر قاری محمد اشرف شاکر، عمران شہزاد تارڑ، قاضی محمد یعقوب رضوی اور دیگر نے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ جن قوموں نے اﷲ کے نبی کی تعلیمات سے انحراف کیا۔ تباہی و بربادی ان کا مقدر بن گئی۔ حبِ رسولۖ کے بغیر دلوں کو سکون میسر نہیں آ سکتا۔