اسلام آباد (جیوڈیسک) آئی ایم ایف کے نائب ترجمان ولیم مرے نے کہا ہے کہ پاکستان کو قرضے کی 55.9 کروڑ ڈالر کی چوتھی قسط کے اجرا کی تاریخ نہیں بتا سکتے۔
گزشتہ مالی سال کی چوتھی سہ ماہی کے جائزہ مذاکرات جاری ہیں، ان کے مکمل ہونے کے بعد ہی قرضے کی قسط ملے گی۔ وہ اتوار کو یہاں پریس بریفنگ دے رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان کے ساتھ مالی سال 2013-14ء کی چوتھی سہ ماہی کے جائزہ مذاکرات جو کہ 6 اگست کو دبئی میں شروع ہوئے تھے ابھی تک جاری ہیں۔
پاکستانی حکام کیساتھ دبئی میں ہونے والا جائزہ مذاکرات کا مرحلہ کافی تعمیری رہا جبکہ بقیہ مذاکرات واشنگٹن اور اسلام آباد کے مابین ویڈیو کانفرنس کے ذریعے ہوں گے۔ پاکستان کو قرضے کی 55.9 کروڑ ڈالر کی چوتھی قسط کے اجرا کے حوالے سے سوال کے جواب میں ولیم مرے کا کہنا تھا۔
کہ جب تک جائزہ مذاکرات مکمل نہیں ہوں گے اسوقت تک چوتھی قسط کی ایگزیکٹو بورڈ سے منظوری لینا ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ جائزہ مذاکرات کا طوالت اختیار کرنا کوئی ایسی غیرمعمولی بات نہیں، جب دو فریقوں میں جائزہ مذاکرات شروع ہوتے ہیں تو وقت کی پابندی نہیں ہوتی۔