پاکستان کو مذاکرات کیلئے سرحدی حدود کی خلاف ورزیاں روکنا ہوں گی، ہٹ دھرم بھارت کا پرانا راگ

Arun Jaitley

Arun Jaitley

نئی دہلی (جیوڈیسک) ہٹ دھرم بھارت نے اپنا وہی پرانا راگ الاپتے ہوئے سرحدی حدود کی خلاف ورزی کا الزام پاکستان پر عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ مذاکرات کی بحالی کے لئے پاکستان کو پہلے سرحدی حدود کی خلاف ورزی کو روکنا ہوگا اور جب تک ایسا نہیں ہوتا مذاکرات کسی صورت ممکن نہیں۔

بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بھارتی وزیر دفاع ارون جیٹلی نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی جاری رہی تو مذاکرات نہیں ہوسکتے، ہم پڑوسی ملک سے مذاکرات چاہتے ہیں لیکن اس کے لئے ماحول سازگار ہونا ضروری ہے اور جب تک ایسا نہیں ہوتا ہم مذاکرات کے لئے ہاتھ نہیں بڑھائیں گے۔

ارون جیٹلی کا کہنا تھا کہ بھارت نے رواں سال اگست میں سیکریٹری خارجہ سطح کے مذاکرات کے لئے بھی حامی بھری لیکن مذاکرات سے ایک دن قبل پاکستانی ہائی کمشنر نے مقبوضہ کشمیر کے حریت پسند رہنماؤں سے ملاقات کرکے مذاکرات کو سبوتاژ کیا اور تعلقات بہتر بنانے کی کوشش پر پانی پھیر دیا۔