شارجہ (جیوڈیسک) پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پانچ میچز پر مشتمل سیریز کا تیسرا میچ آج شارجہ میں کھیلا جائے گا۔ پاکستانی وقت کے مطابق شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں میچ شام 4 بجے شروع ہوگا جب کہ سیریز میں دونوں ٹیموں نے ایک ایک میچ میں کامیابی حاصل کر رکھی ہے۔ کپتان مصباح الحق انجری کا شکار ہونے کے باعث ٹورنامنٹ سے باہر ہوچکے ہیں جس کے بعد شاہد آفریدی قومی ٹیم کی قیادت کریں گے جب کہ عمر گل کی جگہ انور علی اور یاسر شاہ کو آزمائے جانے کا امکان ہے۔
قومی اسکواڈ میں احمد شہزاد، محمد حفیظ، عمر اکمل، یونس خان، اسد شفیق، انور علی، حارث سہیل، محمد عرفان، ناصر جمشید، سرفراز احمد، سہیل تنویر، وہاب ریاض، یاسر شاہ اور ذوالفقار بابر شامل ہیں۔ دوسری جانب کیویز اسکواڈ میں شامل کھلاڑیوں میں کین ولیمسن، کوری اینڈریسن، مارٹن گپٹل، ٹام لیتھم، مچل میکلینگن، نیتھن میکولم، کائل ملز، روز ٹیلر، ڈینئل ویٹوری، لیوک رونچی، جیمس نیشم، ایڈم ملنے، ڈین برولن،اینٹون ڈیوچ اور میٹ ہینری شامل ہیں۔