ابوظہبی (جیوڈیسک) تین ٹی ٹوئنٹی میچوں پر مشتمل سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو دلچسپ مقابلے کے بعد 2 رنز سے شکست دے دی۔
ابوظہبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ کی جانب سے ہدف کے تعاقب میں اننگز کا آغاز گلین فلپس اور کالن منرو نے محتاط انداز میں کیا، دونوں کھلاڑیوں نے اپنی ٹیم کو 50 رنز کا آغاز فراہم اور نیوزی لینڈ کو پہلا نقصان حسن علی نے فلپس کو بولڈ کرکے پہنچایا۔
نیوزی لینڈ کے دوسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی کالن منرو تھے جو 58 رنز بناکر شاداب خان کا شکار بنے جب کہ تیسری وکٹ ولیمسن کی گری جو عماد وسیم کی گیند پر انہی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
گرینڈ ہوم 6 رنز پر شادب خان نے رن آؤٹ کیا جب کہ نیوزی لینڈ کی پانچویں وکٹ اینڈرسن کی گری اور وہ حسن علی کی گیند پر شعیب ملک کو کیچ تھما بیٹھے۔
نیوزی لینڈ کی چھٹی وکٹ 132 رنز پر اس وقت گری جب سیفرٹ بغیر کوئی رن بنائے حسن علی کا شکار بنے۔
آخری اوور میں نیوزی لینڈ کی ٹیم کو 17 رنز درکار تھے لیکن شاہین آفریدی کی شاندار بولنگ کے باعث نیوزی لینڈ ٹیم ہدف کا تعاقب نہ کرسکی اور 2 رنز سے شکست کھاگئی۔
نیوزی لینڈ نے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 146 رنز بنائے جب کہ کیویز کی جانب سے کالن منرو 58 اور روز ٹیلر 42 رنز نمایاں بلے باز رہے۔
پاکستان کی جانب سے حسن علی نے 3، شاداب اور عماد وسیم نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
قبل ازیں قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز بابراعظم اور صاحبزادہ فرحان نے کیا لیکن ان فارم بابراعظم صرف 7 رنز بنا کر ملنے کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ ہو گئے۔
صاحبزادہ فرحان بھی 8 گیندوں پر صرف ایک رن بنا پائے اور اعجاز پٹیل کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔
دو کھلاڑیوں کے جلد آؤٹ ہونے کے بعد آصف علی اور حفیظ کے درمیان اچھی شراکت قائم ہوئی اور حفیظ 45 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
آصف علی 24 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ کپتان سرفراز احمد نے بھی 34 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی۔
شعیب ملک 8 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے جب کہ عماد وسیم 14 اور فہیم اشرف 10رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 148 رنز بنائے جب کہ نیوزی لینڈ کی جانب سے اعجاز پٹیل، اش سوڈھی اور گرینڈہوم نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
یاد رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان متحدہ عرب امارات میں تین ٹی ٹوئنٹی، تین ون ڈے اور تین ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کھیلی جائے گی۔