تیسرے ون ڈے میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 147 رنز سے شکست دے دی

Shahid Afridi

Shahid Afridi

شارجہ (جیوڈیسک) تیسرے ون ڈے میں پاکستانی شاہینوں نے نیوزی لینڈ کو 147 رنز سے شکست دے کر 5 ایک روزہ میچوں کی سیریز میں 1-2 کی برتری حاصل کر لی۔

شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 364 رنز بنائے، اوپنرز محمد حفیظ اور احمد شہزاد نے ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا اور 63 رنز کی شراکت قائم کی تاہم حفیظ 33 رنز بنا کر کورے اینڈرسن کی گیند پر وکٹ کے پیچھے کیچ آؤٹ ہوگئے۔

محمد حفیظ کے آؤٹ ہونے کے بعد احمد شہزاد کا ساتھ دینے یونس خان کریز پر آئے اور دونوں کھلاڑیوں کا ساتھ 133 کے مجموعے تک رہا، یونس خان 35 رنز بنا کر نیتھن میک کولم کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ احمد شہزاد نے اپنی جارحانہ بیٹنگ جاری رکھی اور 112 گیندوں پر اپنی شاندار سنچری مکمل کی تاہم 113 رنز بنا کر میٹ ہنری کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔

پاکستان کے چوتھے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی اسد شفیق تھے جو 23 رنز بنا کر میٹ ہنری کی بال پر بولڈ ہوئے، اسد شفیق کے آؤٹ ہونے کے بعد کپتان شاہد آفریدی کریز پر آئے اور اپنے جارحانہ انداز کی بدولت پاکستان کے اسکور کو آگے بڑھاتے ہوئے صرف 26 گیندوں پر برق رفتار 55 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے، دیگر کھلاڑیوں میں حارث سہیل 39 اور عمر اکمل بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے جبکہ سرفراز احمد 30 اور سہیل تنویر 17 بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے میٹ ہنری نے 3 جبکہ مچل میک کلینگھن، کورے اینڈرسن اور نیتھن میک کولم نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

نیوزی لینڈ نے 365 رنز کا مطلوبہ ہدف حاصل کرنے کے لئے بیٹنگ کا آغاز کیا تو وقفے وقفے سے اس کی وکٹیں گرتی رہیں اور پوری ٹیم 39ویں اوور میں 217 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی، نیوزی لینڈ کی ٹیم آغاز سے مشکلات کا شکار رہی اور 5 رنز کے مجموعے پر اسے اینٹن ڈیوسچ کی صورت میں پہلی وکٹ کا نقصان برداشت کرنا پڑا جبکہ مارٹن گپٹل بھی 12 رنز بنانے کے بعد محمد عرفان کا شکار بنے، کیویز کی تیسری وکٹ 66 کے مجموعی اسکور پر گری اور روس ٹیلر 31 رنز بنانے کے بعد شاہد آفریدی کی گیند پر بولڈ ہوگئے، پاکستانی بولروں کے سامنے کپتان کین ولیمسن نے کچھ مزاحمت کی لیکن 46 رنز بنانے کے بعد وہ بھی ہمت ہار گئے اور حارث سہیل کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوکر پویلین لوٹ گئے۔

نیوزی لینڈ کے پانچویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی کورے اینڈرسن تھے جو 139 رنز کے مجموعے پر وہاب ریاض کا شکار بنے جبکہ ٹام لیتھم 34، لوک رونکی 41، جیمز نیشیم 2، نیتھن میک کولم 15 اور میٹ ہنری ایک رن بنا سکے۔ پاکستان کی جانب سے شاہد آفریدی اور حارث سہیل نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3، 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ محمد عرفان نے 2، وہاب ریاض اور احمد شہزاد نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ بہترین کارکردگی پر احمد شہزاد کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔