پاکستان کی نیوزی لینڈ کو سات وکٹوں سے شکست

Shahid Afridi

Shahid Afridi

دبئی (جیوڈیسک) پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو کھیلنے کی دعوت دی۔ انور علی نے نیوزی لینڈ کے خلاف اٹیک کیا اور پہلے اوور کی تیسری گیند پر کیوی کپتان ولیمسن کو بغیر کسی سکور کے پویلین کی راہ دکھائی۔

نیوزی لینڈ کا اسکور ابھی دس رنز تھا جب سہیل تنویر نے دوسرے بلے باز کو چلتا کیا اور پھر محمد عرفان نے کارنامہ کر دکھایا۔ ٹیسٹ کے سنچری میکر روس ٹیلر کو محض چار رنز پر شکار کیا۔ جس کے بعد کورے اینڈرسن اور مارٹن گُپٹل کی جارحانہ بیٹنگ نے اسکور بورڈ پر رنز کی رفتار تیز کر دی۔

اینڈرسن نے سینتیس گیندوں پر اڑتالیس رنز جوڑے جس میں چار چھکے اور ایک چوکا شامل تھا۔ رونچی تینتیس جبکہ مارٹن گُپٹل 32 رنز کا اضافہ کرنے میں کامیاب ہوئے۔ سہیل تنویر اور محمد عرفان نے دو دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ انور علی، رضا حسن اور کپتان شاہد آفریدی کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔ پاکستان کی جانب سے سرفراز احمد اور اویس ضیاء نے اننگز کا آغاز کیا اور کیویز کے 136 رنز کے ہدف کا ذمہ داری سے تعاقب کیا۔

اویس 20 کے اسکور پر رن آؤٹ ہو گئے۔ پروفیسر کو اپنی مہارت دکھانے کا موقع نہ ملا اور وہ محض 2 رنز بنا کر پویلین جا کر بیٹھ گئے۔ حارث سہیل نے بھی گیارہ کے اسکور پر میککلم کو کیچ تھما دیا۔ وکٹ کی دوسری جانب سرفراز احمد نے ذمہ دارانہ بیٹنگ جاری رکھی اور پاکستان کی فتح کی بنیاد مضبوط بنائی۔ حارث کے بعد عمر اکمل 14گیندوں پر 27 رنز کے ساتھ نا قابل شکست رہے۔ دونوں بلے بازوں کی شراکت نے پاکستان کی جیت کو یقینی بنایا۔

سرفراز احمد نے آٹھ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 76 کی شاندار اننگز نے اس فتح میں بنیادی کردار ادا کیا۔ انہیں مین آف دی میچ قراردیا گیا۔