اقوام متحدہ (جیوڈیسک) ملیحہ لودھی نے سلامتی کونسل کے مباحثے میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بھارت کے ساتھ ایٹمی دھماکے نہ کرنے کا دوطرفہ معاہدہ کرنے کی خواہش رکھتا ہے۔
اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے سلامتی کونسل کے زیر اہتمام مباحثے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان جوہری عدم پھیلاؤ سے متعلق واضح قوانین پرعمل پیرا ہے ۔ پاکستان جوہری عدم پھیلاؤکی ذمے داریاں احسن طریقے سے پوری کررہا ہے ، اس سلسلے میں پاکستان نےایٹمی تحفظ وسلامتی یقینی بنانے کیلئے مثالی اقدامات کیےہیں اور وہ سلامتی کونسل کی قرارداد 1540 پرمکمل عملدرآمد کررہا ہے۔ نیوکلیئرسپلائرز گروپ میں توسیع کی شرائط پر مبنی غیر امتیازی عمل کی ضرورت ہے۔پاکستان کے کاغذات گروپ کی رکنیت کے لئے اہلیت ثابت کرتے ہیں۔
ملیحہ لودھی نے کہا کہ پاکستان نے ایٹمی مواد کی برآمد روکنے کیلئے قابل اعتماد انتظامات کرلئے ہیں، جب کہ پاکستان نے آئندہ ایٹمی دھماکوں پر یکطرفہ پابندی عائد کررکھی ہے اور بھارت کے ساتھ ایٹمی دھماکے نہ کرنے کا دوطرفہ معاہدہ کرنے کی خواہش رکھتا ہے۔
جوہری ٹیکنالوجی کےعدم پھیلاؤ پر ملیحہ لودھی کا کہنا تھا کہ تخفیف اسلحہ اورجوہری عدم پھیلاؤایک دوسرے سے منسلک ہیں ،اس کے عدم پھیلاؤپرمل کرکام کرناہوگا جب کہ این پی ٹی پردستخط کرنیوالی ریاستوں کوذمےداریاں پوری کرنی چاہییں۔