اسلام آباد (جیوڈیسک) نان ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات کا مجموعی حجم 11.451 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا ادارہ شماریات مالی سال 2012-13 میں پاکستان کے ٹیکسٹائل کے علاوہ دیگر مصنوعات خصوصا چینی، سیمنٹ اور جیولری کی برآمدات میں پچھلے سال کے مقابلے میں 1.44 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ پاکستان کے ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق ملک کی روایتی مصنوعات کھیلوں کے سامان، آلات جراحی، چاول اور گڑ کی برآمدات میں مذکورہ عرصے کے دوران بڑے پیمانے پر کمی آئی ہے۔
ادارے کے مطابق مالی سال 2012-13 میں ٹیکسٹائل کے علاوہ دیگر مصنوعات کی برآمدات کا حجم 11.451 ارب ڈالر رہا جو کہ اس سے گزشتہ سال میں 11.288 ارب ڈالر تھا۔ ادارے کے مطابق اس عرصہ میں غذائی اجناس کی برآمدات کے حجم میں پچھلے سال کے مقابلے میں 11.35 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا
ادارے کے مطابق مالی سال 2012-13 میں گزشتہ سال کے مقابلے میں سبزیوں کی برآمدات میں 31.21 فیصد، گوشت 21.32 فیصد اور مصالحہ جات میں 31.16 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ سال 2013 میں چینی کی پیداوار دس لاکھ 63 ہزار نو سو پچاس میٹرک ٹن ریکارڈ کی گئی۔
جبکہ اس سے پچھلے سال چینی کی پیداوار 48 ہزار چھ سو بہتر میٹرک ٹن تھی۔ چینی کی برآمد سے قومی خزانے کو 525.469 ملین ڈالر آمدنی ہوئی۔ سیمنٹ کی برآمدات کی شرح میں بھی اسی عرصہ میں 15.81 فیصد جبکہ جیولری کی شرح میں 28.54 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔