پاکستان کے ایٹمی اثاثے مکمل محفوظ ہیں، امریکا

 Nuclear Assets

Nuclear Assets

واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکا نے پاکستان کے ایٹمی اثاثوں پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے جوہری اثاثے محفوظ ہاتھوں میں ہیں اور امریکا کو اس حوالے سے کوئی تشویش نہیں ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان جین ساکی کا واشنگٹن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ کہ امریکا اور پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ایک دوسرے کے اتحادی ہیں، واشنگٹن دہشت گردی اور دیگر مسائل کے خاتمہ کے لئے اسلام آباد کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھے گا۔

عراق میں حکومت کے خلاف بر سر پیکار عسکریت پسند تنظیم دولت اسلامی عراق و شام (داعش) کی جانب سے ایک یونی ورسٹی سے ایٹمی مواد قبضے میں لئے جانے کا پاکستان کے جوہری اثاثوں سے تعلق جوڑنے سے متعلق سوال پر جین ساکی کا کہنا تھا کہ پاکستان کے جوہری پروگرام اور اثاثوں کے حوالے سے امریکا کو کوئی تشویش نہیں ہے اور نہ ہی پاکستان میں عراق جیسی صورت حال ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ایٹمی اثاثے محفوظ ہاتھوں میں ہیں اور ان کا سیکیورٹی کا معیار انتہائی منظم ہے۔