فیصل آباد : انجمن تاجران سٹی الائیڈ گروپ کے صدر چوہدری پرویز اقبال کموکا ‘چیئرمین ظفراقبال سندھو ‘ جنرل سیکرٹری میاں تنویر ریاض ‘ سینئرنائب صدر طارق محمود قادری و دیگرعہدیدار رانا خالد محمود ‘شیخ زاہدمحمود’چوہدری عبدالحمید ‘ مرزا دائود ابراہیم ‘ رانا عبدالحمید ‘ میاں عابد’ شکیل عامر بھٹی اور عرفان منج نے مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی بڑھتی ہوئی دہشتگردی کو نہ صرف خطے بلکہ پوری دنیا کے لیے انتہائی خطرناک قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ایک ایٹمی قوت ہے اور ٹیکنالوجی کے لحاظ سے وہ بھارت سے بہت آگے ہے۔
اگر خدانخواستہ جنگ چھڑ گئی تو بہت بڑا انسانی المیہ رونما ہوگا جبکہ مرنے والے زیادہ لوگ بے گناہ ہوں گے ‘ انہوں نے کہاکہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے ایک قرارداد کے ذریعے کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دینے کی منظوری دی تھی مگر بھارت نے اس قرارداد کو آج تک تسلیم نہیں کیاجس کے نتیجہ میں کشمیریوں کی دھڑا دھڑ نسل کشی ہو رہی ہے جو کہ باعث تشویش ہے’ بھارت خود کو سب سے بڑی جمہوریت تو کہلواتا ہے مگراس میں جمہوریت والی کوئی بات نہیں ہے۔ مقبوضہ کشمیر میںایک کٹھ پتلی ریاستی حکومت بنا کر اس کے ذریعے مسلمانوں پر ظلم کے پہاڑ گراتا ہے مگرانسانی حقوق کی تمام نام نہاد تنظیمیں چپ کا روزہ رکھ کرخود انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزی کررہی ہیں جس پر پوری قوم کوافسوس ہے’ حکومت فوری طورپر بھارتی ہائی کمشنر کو ملک بدر کرتے ہوئے بھارت کے ساتھ ہر قسم کے سفارتی تعلقات ختم کرنے کا اعلان کرے۔