واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکا میں پاکستانی سفیر جلیل عباس جیلانی نے امریکا کے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان اور پاکستان رچرڈ اولسن سے ملاقات کی اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی قابض فورسز کے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے ثبوت انکے حوالے کر دیئے۔
جلیل عباس جیلانی نے امریکا سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں عورتوں، بچوں، بوڑھوں اور مریضوں سمیت معصوم شہریوں سے غیر انسانی اور توہین آمیز سلوک کا نوٹس لے ۔ پاکستانی سفیر نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی ہر ممکن اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔
دوسری طرف بھارتی اخبار کو انٹرویو میں پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط نے کہا کہ کشمیر کا مسئلہ پاکستان اور بھارت کے درمیان تنازعہ کی وجہ ہے ، اسے حل کرنے کے لئے سنجیدہ سفارتی کوششوں کی ضرورت ہے۔
سرجیکل سٹرائیکس کے بھارتی دعوے کے حوالے سے پاکستانی ہائی کمشنر نے کہا کہ 29 ستمبر کو لائن آف کنٹرول پر کوئی غیر معمولی واقعہ پیش نہیں آیا ، مذاکرات دونوں کے مفاد میں ہیں۔