کیپ ٹاؤن (جیوڈیسک) پاکستان نے 23 رنز سے پہلا ون ڈے جیت لیا، ڈیبیو ون ڈے کھیلنے والے بلاول کی شاندار کارکردگی، بیٹ سے جنوبی افریقا کے بائولروں کی خوب پٹائی کی، 3 وکٹیں بھی حاصل کر لیں۔
دو سو انیس رنز کا ہدف ملنے پر جنوبی افریقی بلے باز اِن ایکشن ہوئے۔ ہاشم آملہ کے ساتھ اوپننگ پارٹنر گریم سمتھ میدان میں آئے۔ خطرناک بیٹسمین ہاشم آملہ کا معاملہ جنید خان نے نمٹا دیا۔
قومی بولر رنز بنانے کی مشین کو 3رنز پر پویلین کی راہ دکھائی۔ ٹیسٹ ٹیم کے کپتان گریم سمتھ آؤٹ ہونے والے دوسرے میزبان بیٹسمین تھے۔ وہ 12رنز بنا کر محمد حفیظ کے ہاتھوں نو دو گیارہ ہوئے۔
20 رنز پر ابتدائی 2 وکٹوں کے گر جانے سے وکٹ کیپر بیٹسمین ڈی کاک اور تجربہ کار بلے باز جیک کیلس اپنے جوہر دکھانے آئے۔ دونوں نے ذمہ داری سے ٹیم کو سنبھالا دیا۔ ڈی کاک 19رنز بنا کر بلاول بھٹی کا نشانہ بنے۔
جیک کیلس نے کچھ مزاحمت دکھائی۔ 50 رنز تک پہنچے تو انور علی نے چھٹی کرا دی۔ پروٹیز کی چھٹی وکٹ 123 پر گری۔ ساتواں کھلاڑی 155 پر آؤٹ ہوا تو میچ سنسنی خیز ہو گیا۔ لیکن جنوبی افریقان کھلاڑی وی ڈی فلنڈر 14، ڈیل سٹین 15 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
جبکہ مورنی مورکل کو بھی بلاول بھٹی نے کلین بولڈ کیا۔ پاکستان کی جانب سے بلاول بھٹی نے 3، سعید اجمل اور انور علی نے دو، دو جبکہ جنید خان، محمد حفیظ اور شاہد آفریدی نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ اس سے پہلے جنوبی افریقہ کے خلاف پاکستان کے ٹاپ آرڈر بیٹسمین پھر فلاپ ہو گئے۔
نائب کپتان کے بعد کپتان بھی ٹیم کو بے آسرا چھوڑ گئے تو آل رانڈرز نے ہمت دکھائی۔ انور علی کے ناٹ آؤٹ 43 اور بلاول بھٹی کے39 رنز نے ٹوٹل کو218 تک پہنچایا۔ کیپ ٹان میں کپتان مصباح الحق نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ اوپنرز نے دفاعی انداز اپنایا۔ پہلی وکٹ انچاس رنز پر گری۔
ناصر جمشید آؤٹ ہوئے تو احمد شہزاد بھی نہ رہے۔ احمد شہزاد پینتیس رنز کا اضافہ کر سکے۔ نائب کپتان محمد حفیظ آئے اور چلے گئے۔ انہوں نے پانچ رنز تک وکٹ پر ٹھرنا کافی سمجھا۔ پروفیسر گئے تو کپتان مصباح بھی نہ رہے۔
مصباح الحق نے تیرہ رنز کی کیپٹن اننگز کھیلی۔ عمر اکمل کی عمر انتہائی مختصر ٹھری، کھاتہ بھی نہ کھول سکے۔ شاہد آفریدی نے اپنا مایوس کن ریکارڈ بہتر بنانے کی کچھ کوشش کی۔ 23 گیندوں پر 26 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے۔
ایک چوکے اور ایک زوردار چھکے سے ان کی اننگز بوم بوم بنی۔ ہمیشہ کی طرح ٹاپ آرڈر کے فلاپ ہونے کا بوجھ لوئر آرڈر پر آ گیا۔ ڈیبیو ون ڈے کھیلنے والے بلاول نے مایوس نہیں کیا۔
25 گیندیں کھیل کر 39 رنز بنائے جس میں تین چوکے اور دو شاندار چھکے شامل تھے۔ بلاول بھٹی کے ساتھ کامیاب ہونے والے آل رانڈر انور علی تھے جنہوں نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کی۔