پاکستان (جیوڈیسک)مصباح الحق کی کپتانی میں پاکستان جنوبی افریقہ سے ٹیسٹ سیریز میں وائٹ واش کا زخم کھانے کے بعد پہلے ون ڈے میچ میں بھی ایک سو پچیس رنز سے شکست سے دوچار ہوگیا۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے دئے گئے تین سو سولہ رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی پوری ٹیم ایک سو نوے رنز پر ڈھیر ہوگئی ۔
جنوبی افریقہ کے تین سو سولہ رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی بیٹنگ کا آغاز محمد حفیظ اور نا صر جمشید نے کیا ۔ ناصرجمشید اور محمد حفیظ پچیس پچیس رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ یو نس خان نے تیس رنز بنائے ۔ اسد شفیق صرف پا نچ رنز بنا کر آئوٹ ہوئے ۔ مصباح الحق نے اڑتیس رنز کا اضافہ کیا۔
شعیب ملک انیس رنز ہی بنا سکے ۔ اکمل برادران دو دو رنز بنا کر چلے گئے ۔ سعید اجمل نے کوئی رنز نہیں بنا یا جنید خان نے بھی کوئی رن نہیں بنا یا لیکن وہ ناٹ آئوٹ رہے ۔ سب سے زیادہ جارحانہ کھیل کا مظاہرہ بوم بوم آفریدی نے کیا انہوں نے اٹھائیس گیندوں پر چونتیس رنز بنائے ۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے آر کے کلینویلڈٹ سب سے زیادہ کامیاب بائولر ثابت ہوئے انہوں نے چار وکٹیں حاصل کیں ۔ آر میک لارن نے تین کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔
بلوم فونٹین میں کھیلے جانے والے میچ کا ٹاس مصباح الحق نے جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے ہاشم آملہ اور گریم اسمتھ نے پہلی وکٹ کے لئے بہتر رنز کی شراکت قائم کی۔ سعید اجمل نے اسمتھ کو آٹ کرکے پاکستان کو اہم کامیابی دلائی۔
وہ تیس رنز بناسکے ۔ ہاشم آملہ تینتالیس رنز بنا کر محمد حفیظ کا شکار بنے۔ کپتان اے بی ڈیویلیرز اور کولن انگرم نے ذمہ دارنہ بیٹنگ کرتے ہوئے تیسری وکٹ کے لئے ایک سو بیس رنز کا اضافہ کیا۔ ڈی ویلئیرز پینسٹھ رنز بناکر سعید اجمل کا شکار بنے۔ کولن انگرم نے پاکستانی بالرز کی جم کر دھرگت بنائی اور کیرئیر کی تیسری سینچری اسکور کی۔ فرحان بہاردین نے دھواں دھار بیٹنگ کرتے ہوئے چونتیس رنز کی اننگز کھیلی۔