گیانا (جیوڈیسک) پاکستان نے پہلے ون ڈے میں ویسٹ انڈیز کو 126 رنز سے شکست دیدی، پاکستان کو 5 میچوں کی سیریز میں ویسٹ انڈیز کیخلاف 0-1 کی برتری حاصل ہو گئی ہے، آج کے میچ میں شاہد آفریدی نے کیریئر کی بیسٹ بولنگ پرفارمنس دیتے ہوئے 12 رنز دیکر 7 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا، شاہد آفریدی ایک میچ میں 7 وکٹیں لینے والے تیسرے پاکستانی بولربن گئے۔
کپتان قومی کرکٹ ٹیم مصباح الحق کا کہنا ہے کہ شاہد آفریدی نے میچ میں اہم کردار ادا کیا، تمام کھلاڑی اچھی اسپرٹ کیساتھ کھیلے، وکٹ مشکل تھی، بیٹنگ میں دشواری پیش آرہی تھی۔ شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ یہ وقت اپنی ٹیم اور ملک کو کچھ دینے کا ہے، ٹیم کے ہر فرد نے فتح میں کردار اداکیا۔ لاہور میں قومی کرکٹ ٹیم کی جیت پرشہریوں نے بھنگڑے ڈالے اور آتش بازی کی۔ شائقین کرکٹ کا کہنا ہے کہ شاہد آفریدی کا واپس فارم میں آناخوش آیندہے۔
پہلے ون ڈے انٹرنیشنل میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو جیت کیلئے 225 رنز کا ہدف دیا، شاہد آفریدی نے 76 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ گیانا میں کھیلے جاگئے میچ میں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ، پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹ پر 224 رنز بنائے، شاہد آفریدی اور کپتان مصباح الحق نے نصف سنچریاں اسکور کیں۔ قومی ٹیم کو ابتدا سے ہی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، صرف 23 کے مجموعی اسکور پر قومی ٹیم کے 4 بیٹسمین پویلین لوٹ گئے۔
احمد شہزاد 5 رنز بنا کر آٹ ہونے والے پہلے کھلاڑی تھے، ان کے بعد محمد حفیظ1 اور ناصر جمشید 6 رنز پر واپس چلتے بنے، اسد شفیق بغیر کوئی رن بنائے آٹ ہوئے۔ چاروں ابتدائی کھلاڑیوں کی وکٹیں جیسن ہولڈر نے حاصل کیں۔ اس کے بعد کپتان مصباح الحق اور عمر اکمل نے ٹیم کو سہارا دینے کی کوشش کی تاہم وکٹ کیپر بیٹسمین کے طور پر ٹیم میں شامل کئے گئے عمر اکمل بھی 19 رنز بنا کر کپتان کا ساتھ چھوڑ گئے۔
مایہ ناز آل رانڈر شاہد آفریدی نے مصباح کو جوائن کیا اور ویسٹ انڈین بولر کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے 55 گیندوں پر 76 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جس میں 5 چھکے اور 6 چوکے شامل تھے۔ انہوں نے کپتان کے ساتھ مل کر 120 رنز کی قابل قدر شراکت بھی قائم کی، مصباح الحق 52 رنز بنا کر آٹ ہوئے۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے جیسن ہولڈر نے 4 ، براوو اور کیمر روچ نے 2 ، 2 وکٹیں حاصل کیں۔