پاکستان چوتھا ون ڈے بھی جیت گیا، سیریز میں فیصلہ کن برتری

Pakistan

Pakistan

شارجہ (جیوڈیسک) متحدہ عرب امارات کی ریاست شارجہ میں کھیلے گئے چوتھے ون ڈے میچ میں بھی پاکستان نے باآسانی فتح اپنے نام کر لی ہے۔ سری لنکا نے پاکستان کو جیت کیلئے 174 رنز کا آسان ہدف دیا تھا۔ ہدف کے تعاقب میں پاکستانی اوپنرز میدان میں اترے تو اپنے پہلے ہی میچ میں سنچری سکور کرنے والے نوجوان بلے باز امام الحق اس میچ میں کارکردگی نہ دکھا سکے اور صرف 2 رنز بنا کر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ پاکستان کے دوسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی فخر زمان تھے جنہوں نے 17 رنز بنائے جبکہ محمد حفیظ صرف 9 رنز بنا سکے۔

اس میچ کو حقیقی معنوں میں بابر اعظم اور شعیب ملک کی پارٹنر شپ نے جتوایا۔ بابر اعظم نے انتہائی محتاط بلے بازی کرتے ہوئے 101 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 69 رنز بنائے اور ناؤٹ آؤٹ رہے۔ جبکہ دوسری جانب قدرے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 81 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 3 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 69 رنز ہی بنائے اور بغیر آؤٹ ہوئے واپس لوٹے۔ پاکستان نے مطلوبہ ہدف صرف انتالیس اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 177 رنز بنا کر پورا کیا۔

دوسری جانب آج آئی لینڈرز کی پاکستانی باؤلرز کے سامنے ایک نہ چل سکی تھی۔ پاکستان کی جانب سے نوجوان گیند باز حسن علی نے آج بھی شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ دیگر باؤلرز میں عماد وسیم اور شاداب خان نے دو، دو جبکہ جنید خان اور عثمان خان نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

سری لنکن کپتان اُپل تھرنگا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور نیروشان ڈکویلا کے ہمراہ خود میدان میں اترے۔ تاہم میچ کے آغاز میں ہی آئی لینڈرز کی بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی۔ سری لنکا کے بلے باز نروشان ڈکویلا 22، کپتان اُپل تھرنگا صفر، دنیش چندی مل 16 اور سدیرا سمارا وکرما بغیر کوئن رن بنائے آؤٹ ہوئے۔ آئی لینڈرز کے پانچویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی ملنڈا سری وردنا تھے جنہوں نے صرف 13 رنز بنائے۔ اس کے بعد سری لنکا کی چھٹی وکٹ 99 رنز پر گری جب پرسانا صرف 5 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

اسی اوور میں مہمان ٹیم کو ساتواں نقصان بھی اٹھانا پڑا جب تھریسا پریرا بغیر کوئی رن بنائے چلتے بنے۔ آٹھویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی اِکیلا دنینجا تھے جو صرف 18 رنز بنا سکے۔ نویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھرمنے تھے جنہوں نے جوانمردی سے پاکستانی باؤلرز کا سامنا کیا۔ تھرمنے نے 4 چوکوں کی مدد سے 62 رنز کی اننگز کھیلی۔ آخری آؤٹ ہونے والے کھلاڑی گماج تھے جو صرف ایک رن ہی بنا سکے۔ یوں سری لنکا کی پوری ٹیم ترتالیس اعشاریہ چار اوورز میں صرف 173 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔

خیال رہے کہ پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز میں پاکستان نے چار، صفر سے فتح اپنے نام کر کے فیصلہ کن برتری حاصل کر لی ہے۔