پاکستان کو ون ڈے فارمیٹ میں بھی زمبابوے پر واضح برتری حاصل ہے زمبابوے گرین شرٹس کے خلاف آج تک کوئی ون ڈے سیریز نہیں جیت سکا ہے۔ پاکستان ون ڈے کا عالمی چیمپئین رہ چکا ہے اور زمبابوے آئی سی سی کا کوئی بھی بڑا ٹائٹل اپنے نام کرنے سے محروم ہے۔
دونوں ٹیموں کا موازنہ کیا جائے تو پاکستان کو حریف ٹیم پر واضح برتری حاصل ہے۔انیس سو بانوے میں ٹیسٹ اسٹیٹس حاصل کرنے کے بعد زمبابوے کی ٹیم پاکستان کے خلاف آج تک کوئی ون ڈے سیریز جیتنے میں کامیاب نہیں ہو سکی۔ ایک روزہ میچز کی بات کریں تو دونوں ٹیمیں چوالیس بار آمنے سامنے آئیں اور چالیس میں گرین شرٹس نے میدان مارا۔ دو میچز بے نتیجہ رہے۔
پاکستان کا زمبابوے کے خلاف بہترین اسکور تین سو انچاس اور کم ترین اسکور چورانوے رنز ہے۔ پاکستان کے دس کھلاڑی زمبابوے کے خلاف سینچری بناچکے ہیں ۔پاکستان کی موجودہ ٹیم میں شاہد آفریدی نے زمبابوے کے خلاف سب سے زیادہ تینتیس وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔