نیویارک (جیوڈیسک) وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان میں 4 مرتبہ ون مین شو دیکھا، ترقی صرف جمہوری ادوار میں ہوئی، امن کیلئے ایسے قوانین لارہے ہیں کہ دہشت گرد عناصر کا خاتمہ ہوجائے، امریکی وزیر خارجہ سے کہہ دیا ڈرون حملوں کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ وہ نیویارک میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کررہے تھے۔ وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ بھارت کے ساتھ تمام معاملات مذاکرات سے حل کرنا چاہتے ہیں، دنیا کے بڑے بڑے مسائل مذاکرات کے ذریعے حل ہوئے ہیں۔
افغانستان میں امن ہوگا تو خطے میں امن ہوگا، بھارت، افغانستان کو ہمارے معاملات میں دخل اندازی نہیں کرنی چاہئے، ہمیں بھی ان کے معاملات میں دخل اندازی نہیں کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ مسیحی برادری پر حملہ انسانیت پر حملہ ہے، نائن الیون کے بعد دہشت گردی کی کارروائیاں شروع ہوئیں۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان اسلحے کی دوڑ لگی ہوئی ہے، اپنے وسائل کے مطابق دفاع پر رقم خرچ کرنی چاہئے۔ نواز شریف نے کہا کہ کراچی میں کسی کے سیاسی مفاد کو خاطر میں نہیں لائیں گے، امن کیلئے ایسے قوانین لارہے ہیں کہ دہشتگرد عناصر کا خاتمہ ہوجائے۔ وزیراعظم کا کہنا ہے کہ امریکی وزیر خارجہ سے کہا ڈرون حملوں کو برداشت نہیں کیا جائے گا، اگلے مہینے امریکی صدر اوباما سے ملاقات ہوگی جس میں ڈرون حملوں کا معاملہ دوبارہ اٹھاوں گا۔