پاکستانی ایک سال میں 250 ارب روپے کی سگریٹ پی گئے

Cigarettes

Cigarettes

کراچی (جیوڈیسک) کہاوت مشہور ہے کہ سگریٹ کے ایک سرے پر آگ اور دوسرے پر بے وقوف ہوتا ہے، لیکن پاکستانی اس بات کو خاطر میں لانے پر تیار نہیں ، شاید یہی وجہ ہے کہ پاکستانیوں نے گذشتہ مالی سال میں ڈھائی سو ارب روپے سگریٹ کے دھوئیں میں اڑا دیئے۔

اسٹیٹ بینک کی رپورٹ میں بتایا گيا ہے کہ گذشتہ مالی سال 2013 -14 میں پاکستانیوں نے دو سو پچاس ارب روپے کے سگریٹ پیئے۔ اس مالیت کے پتا ہے کتنے سگریٹ خریدے گئے ، چونسٹھ ارب اڑتالیس کروڑ سگریٹ ، ایک کے بعد ایک نوٹ سگریٹ کی صورت میں دھوئیں کی زینت بنتا رہا ، کش لگتا رہا ، روپیہ جلتا رہا۔

اسٹیٹ بینک کی رپورٹ کے مطابق ملک میں دستیاب سگریٹس میں سے کم سے کم ایک سگریٹ کی قیمت ڈھائی روپے او رزیادہ سے زیادہ پانچ روپے ہے اور سگریٹ پر خرچ کی گئی اس رقم کا اندازہ صرف برانڈڈ سگریٹس کی فروخت سے لگایا گیا ہے۔

جبکہ ان برانڈڈ اور اسمگل شدہ سگریٹس کی خرید پر خرچ کیے گئے پیسے کا کوئی شمار نہیں ، سگریٹ پینا پیسے دے کر موذی مرض خریدنے کے برابر ہے۔ رپوٹ کے مطابق پھیپھڑوں کے کینسر کی نوے فیصد وجوہات سگریٹ اور تمباکو کا استعمال ہیں ، لیکن یہ باتیں پاکستانیوں کو ڈرانے میں ناکام ہیں، جو اپنے غم کا علاج سگریٹ ميں ڈھونڈتے ہیں اور بیماریوں کو گلے لگاتے ہيں۔