کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) پاکستان میں لاک ڈاؤن کے دوران آن لائن گراسریز ڈیلیوری کی تلاش میں 300 فیصد اضافہ ہو گیا۔
گوگل ایشیا پیسفک کے انڈسٹری ہیڈ فار ساؤتھ ایشیا فراز اظہر کے مطابق انھوں نے مزید کہا کہ تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ صارفین بلند تر نفاست، زیادہ پائیدار اشیاء اور خدمات میں دلچسپی لیتے ہیں اور گذشتہ 12 مہینوں کے دوران، صحتمند تر طرز زندگی کی جانب ان کی رغبت کے اہم محرکات ہیں۔
گوگل کے مطابق 5میں سے 4 پاکستانی صارفین خریداری سے پہلے، مصنوعات آن لائن تلاش کرتے ہیں اور آن لائن سرچ اور وڈیو کے درمیان منتقل ہوتے رہتے ہیں۔ کورونا کی وبا کے دوران آن لائن گراسریز کی خریداری بڑھ گئی ہے۔ کورونا کی وبا سے قبل اور بعد میں آن لائن گروسریز ڈیلیوری کی تلاش میں 300فیصد اضافہ ہوچکا ہے۔صارفین کی جانب سے مصنوعات کی تلاش میں اپنے اردگرد اور قریبی فراہمی کے آپشن کے استعمال میں 138فیصد اضافہ ہوا ہے۔ اسی دوران ڈیلیوری کا آپشن استعمال کرنے کے رجحان میں ڈیڑھ گنا جبکہ تیز رفتار ڈیلیوری کے آپشن سرچ کرنے والوں کی تعداد میں 130فیصد اضافہ ہوا۔
گوگل کے مطابق پاکستانی انٹرنیٹ صارفین ماحول کے بارے میں فکر مند ہیں اور اس سے متعلق مواد کی تلاش میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔ ’’موسمیاتی تبدیلی‘‘ اور ’’الیکٹرک گاڑیوں‘‘سے متعلق مواد کی تلاش میں ڈیڑھ گنا اضافہ ہواہے جبکہ قابل تجدید توانائی کے بارے میں معلومات کی تلاش 130فیصد بڑھ گئی ہے۔
پاکستان میں گوگل سرچ استعمال کرنے والے ہوا کے معیار اور آلودگی کے واضح اثرات کے بارے میں بھی تجسس رکھتے ہیں کیوں کہ کلیئر اسکائز کی تلاش میں 300 فیصد اضافہ ہوا ہے، کلین ایئر کی تلاش میں 225 فیصد، صاف پانی کی تلاش میں 217فیصد اضافہ ہوا ہے۔