اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے یوم آزادی کے موقع پر قوم اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو مبارک باد دی اور کہا کہ پاکستان ہی ہماری پہچان ہے۔ یوم آزادی کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ہمارے بزرگوں نے ملک کی آزادی کے لیے بے پناہ قربانیاں دیں، آج کا دن ہمیں خود احتسابی کی یاد دلاتا ہے۔
انھوں نے کہا کہ ہماری نیت نیک ہے ہم نے درست سمت کا تعین کیا ہے،عوام کے تعاون سے پاکستان کو فلاحی ریاست بنائیں گے۔ عالمی امن کے ساتھ ہماری وابستگی کوئی راز نہیں، آنے والی نسلوں کو محفوظ پاکستان دیں گے۔
قوموں کی زندگی میں اس طرح کے امتحان آتے رہتے ہیں، عوام اور فوج کے تعاون سے دہشت گردی پر قابو پالیں گے۔ انھوں نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون کا پاکستان آمد پر خوش آمدید کہا۔ہمارے پاس اتنے وسائل ہیں کہ نئی دنیا آباد کرسکتے ہیں۔