پاکستان (جیوڈیسک)سینچورین میں سیریز کے دوسرے ون ڈے میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کو چھ وکٹوں سے ہرادیا۔ پانچ میچوں کی سیریز ایک ایک سے برابر ہوگئی ہے۔ محمد عرفان مین آف دی میچ قرار پائے۔
سینچورین میں کھیلے گئے دوسرے ون ڈے میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن پاکستانی فاسٹ بولر نے میزبان ٹیم کے بیٹسمینوں کو جم کر کھیلنے نہ دیا۔ اور جنوبی افریقہ کی پوری ٹیم تینتالیس اعشاریہ دو اوور میں ایک سو اکیانوے رنز بناکر آٹ ہوگئی۔ فرحان بہار دین اٹھاون اور رابن پیٹرسن چوالیس رنز بناکر نمایاں رہے۔
محمد عرفان نے اپنے کیرئیر کی بہترین بولنگ کرتے ہوئے چار کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی تو محمد حفیظ، جنید خان اور سعید اجمل نے دو دو وکٹیں لیں۔ جواب میں پاکستانی بیٹسمینوں نے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئیے مطلوبہ ہدف انتالیس اعشاریہ دو اوورز میں چار وکٹوں پر حاصل کرکے میچ چھ وکٹوں سے اپنے نام کرلیا۔
کپتان مصباح الحق نے ستاون رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ شعیب ملک پینتیس رنز بناکر ناٹ آٹ رہے۔ یونس خان بتیس اور محمد حفیظ اکتیس رنز نے اچھی بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔
بارش کی وجہ سے میچ کو چوالیس اوورز فی اننگز تک محدود کردیا گیا۔۔ پاکستان کی اس فتح کے بعد پانچ میچوں کی سیریز ایک ایک سے برابر ہوگئی ہے، جس کاتیسرا میچ اتوار کو جوہانسبرگ میں کھیلا جائے گا۔