ٹیکسلا (ڈاکٹر سید صابر علی) پی او ایف سپورٹس کنٹرول بورڈ کے زیر اہتمام یوم پاکستان کے موقع پر چیئرمین پی او ایف بورڈ واہ اوپن میراتھن ریس کا اہتمام کیا گیا جس میں ملک بھر سے دو ہزار کھلاڑیوں نے شرکت کی جن میں 15 لاکھ 40 ہزار کے نقد انعامات تقسیم کیے گئے۔ پی او ایف سپورٹس جمنازیم میں منعقدہ اختتامی تقریب میں لیفٹیننٹ جنرل عمر محمود حیات، ہلال امتیاز (ملٹری)چیئرمین پی او ایف بورڈ مہمان خصوصی تھے جنہوں نے پوزیشن ہولڈرز کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔
اس میراتھن ریس کو پانچ مختلف کیٹگریز اوپن کیٹگری (20کلومیٹر)، سینئر کیٹگری (40-50سال) 10کلومیٹر، سلور کیٹگری (5کلو میٹر)،لیڈیز کیٹگری (3کلومیٹر) اور چلڈرن کیٹگری(3کلومیٹر)میں تقسیم کیا گیا۔ اوپن کیٹگری میں پہلی پوزیشن اسرار خٹک، دوسری فیضان خان اور تیسری ندیم حسن نے حاصل کی۔ سینئر کیٹگری میں پہلی پوزیشن وارث، دوسری عبدالقدیر اور تیسری نیاز احمد فاروقی نے حاصل کی۔ سلور کیٹگری میں پہلی پوزیشن محمد معروف، دوسری شوکت علی خان اور تیسری محمد بشیر نے حاصل کی۔
لیڈیز کیٹگری میں پہلی پوزیشن ارم شہزادی، کرن شہزادی نے دوسری اور زینب خان نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ چلڈرن کیٹگری میں عبدالسلام نے پہلی، محمد عبد اللہ اقبال نے دوسری جبکہ تیسری پوزیشن حمزہ علی نے حاصل کی۔ اس موقع پر پی او ایف سپورٹس کنٹرول بورڈ کے سیکرٹری اسد درانی نے سپاسنامہ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ اس ریس کا مقصد قومی و بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے سافٹ امیج کو بہتر بنانا ہے اور اس شاندار ریس کے کامیاب انعقاد کا سہرا پی او ایف سپورٹس کنٹرول بورڈ کے صدر اور ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ایچ آر اینڈ او ڈی ڈاکٹر عامر مراد کو جاتا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ چیئرمین پی او ایف بورڈ کی ہدایات کی روشنی میں پی او ایف سپورٹس کنٹرول بورڈ آنے والے دنوں میں واہ ریجن سکول سپورٹس گالا، ایشیئن کبڈی چیمپیئن شپ، انٹر نیشنل رینکنگ سواکش ٹورنامنٹ ،ڈیوس کپ ٹینس ٹورنامنٹ اور آل پاکستان باسکٹ بال ٹورنامنٹ منعقد کرانے کے لیے پُر عزم ہے۔ اختتامی تقریب کے موقع پر پی او ایف جمنازیم کا ہال تماشائیوں سے کھچا کھچ بھرا ہوا تھا اور تماشائیوں نے پوزیشن ہولڈر کھلاڑیوں کی زبردست حوصلہ افزائی کی۔ پی او ایف کے سینئر افسران اور کھلاڑیوں کی کثیر تعداداس موقع پر موجود تھی۔