اسلام آباد(جیوڈیسک)پاکستان اور فلسطین نے سیاسی تعاون کا دائرہ معیشت، زراعت، بینکاری، تعلیم اور سماجی اور ثقافتی شعبوں تک بڑھانے کیلئے دونوں ممالک کے وزرا خارجہ پر مشتمل مشترکہ کمیشن تشکیل دینے پر اتفاق کیا ہے۔ یہ اتفاق رائے اتوار کو ایوان صدر میں صدر آصف علی زرداری اور فلسطین کے صدر محمود عباس کے درمیان ملاقات میں طے پایا۔ صدر زرداری نے کہا کہ مشترکہ کمیشن جلد ہی اپنا کام شروع کریگا۔
صدر کے ترجمان فرحت اللہ بابر نے بتایا کہ ملاقات کے دوران صدر نے اسلام آباد میں فلسطینی سفارتخانے کی تعمیر کیلئے دس لاکھ ڈالر دینے کی بھی پیشکش کی۔ایوان صدر میں فلسطینی صدر محمود عباس کو صدر آصف علی زرداری کی جانب سے ظہرانہ بھی دیا گیا ،ظہرانے کی تقر یب سے خطاب کرتے ہوئے صدر آصف زرداری نے کہاکہ پاکستان فلسطینی کاز کیلئے ہر فورم پر اپنی آواز بلند کرتا رہے گا۔
انھوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر اور فلسطین کے لوگوں کو ان کے حق خودارادیت سے مسلسل انکار کے سبب مشرق وسطی اور جنوبی ایشیا کے خطوں میں عدم استحکام کا خطرہ موجود ہے۔اس سے قبل فلسطین کے صدر محمود عباس کے دورہ پاکستان کے موقع ایوان صدر میں ان کے اعزاز میں باضابطہ استقبالیہ تقریب ہوئی، تقریب میں وزیراعظم راجہ پرویز اشرف بھی صدر کے ہمراہ تھے۔
اس موقع پر دونوں ممالک کے قومی ترانے بجائے گئے جبکہ تینوں مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے فلسطینی صدر کو سلامی دی جنہوں نے گارڈ آف آنر کا معائنہ بھی کیا۔