اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان عوامی تحریک کا دھرنا ریڈ زون میں جاری ہے، عوامی تحریک کے قائد علامہ طاہر القادری آج دوپہر 3 بجے شرکاء سے آخری خطاب کریں گے۔
انقلاب مارچ کے شرکاء آج 14 ویں روز بھی پارلیمنٹ ہاوٴس کے سامنے شاہراہ دستور پر دھرنا دیئے ہوئے ہیں ، پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے گزشتہ رات حکومت سے مذاکرات مکمل طور ناکام ہونے کا اعلان کرتے ہوئے۔
آج یوم انقلاب منانے کا فیصلہ سنایا تھا ۔ حکومتی ٹیم سے مذاکرات کے بعد دھرنے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ اب ہم پر سے مذاکرات کا اخلاقی بوجھ ختم ہو چکا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے پر امن مذاکرات کو حد سے بڑھ کر موقع دیا مگر اب مذاکرات کے دروازے بند ہو چکے ہیں۔ علامہ طاہر القادری نے عوام سے اکٹھے ہونے کی آخری اپیل کرتے ہوئے آج یوم انقلاب منانے کا اعلان کیا تھا۔
علامہ طاہر القادری کے خطاب کے بعد شرکاء نے جلسہ گاہ میں آذانیں دیں۔ انقلاب مارچ کے شرکاء نے حکومت کی جانب سے کارروائی کے پیش نظر گزشتہ رات سکیورٹی انتظامات بھی سخت رکھے اور بیشتر شرکاء نے رات جاگ کر گزاری۔
صبح ہونے کے ساتھ ہی انقلاب مارچ کے شرکاء جلسہ گاہ میں اکٹھا ہونا شروع ہو گئے ہیں۔ علامہ طاہر القادری آج دوپہر 3 بجے انقلاب مارچ کے شرکاء سے آخری خطاب میں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔