اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی کا اجلاس آج اسلام آباد میں ہو گا۔ ایشیا کپ اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے قومی ٹیم کے ناموں کو حتمی شکل دی جائے گی۔
رواں ماہ بنگلہ دیش میں شیڈول ون ڈے ایونٹ کے لیے اسکواڈ میں کسی بڑی تبدیلی کا امکان نظر نہیں آ رہا۔
سلیکشن کمیٹی چیف کوچ معین خان اور دونوں کپتان مصباح الحق اور محمد حفیظ کے ساتھ سر جوڑ کر بیٹھے گی۔ اس موقع پر ورلڈ ٹی 20 ٹیم کو بھی حتمی شکل دی جائے گی۔
عمر اکمل کے ساتھ اسپیشلسٹ وکٹ کیپر کی شمولیت کا بھی امکان ہے جس کے لیے کامران اکمل اور سرفراز احمد کے درمیان مقابلہ ہو گا۔
اہم میگا ایونٹس کے لیے کوچ اور کپتانوں کی مشاورت کے بعد فہرست حتمی منظوری کے لیے چئیرمین پی سی بی کو بھجوائی جائے گی۔ ٹیموں کا اعلان چودہ فروری تک کیے جانے کا امکان ہے۔
ایشیا کپ پچیس فروری سے بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکا میں شروع ہو گا۔ آٹھ مارچ تک جاری رہنے والے کرکٹ ایونٹ میں دفاعی چیمپئن پاکستان سمیت میزبان بنگلہ دیش، بھارت، سری لنکا اور افغانستان کی ٹیمیں ان ایکشن ہونگے۔ افغانستان ٹیم پہلی بار قسمت آزمائی کر رہا ہے۔