اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) سربراہ پاک فوج جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ پاکستان میں پائیدار امن افغانستان کے امن سے جڑا ہے ، جس کیلئے پاکستان اپنا کردار ادا کررہا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے میران شاہ کا دورہ کیا اور شمالی اور جنوبی وزیرستان اضلاع کے عمائدین سے ملاقات کی۔
اس موقع پر آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاک افغان بارڈر پر باڑ لگانے سے سرحد پار سے ہونے والی دہشت گردی میں کمی آئی ہے۔
آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاکستان میں پائیدار امن افغانستان میں امن سے جڑا ہے ، جس کیلئے پاکستان اپنا کردار ادا کررہا ہے۔ افغانستان پاکستان کا برادر ہمسایہ ملک ہے اور ہم وہاں بھی پاکستان کی طرح امن و امان چاہتے ہیں۔
آرمی چیف نے قبائلی عمائدین پر زور دیا کہ وہ نوجوانوں کی رہنمائی کیلئے اپنا کردار جاری رکھیں، بزرگوں کی عقل اور تجربہ اور نوجوانوں کی طاقت اور صلاحیت مل کر ہی کامیابی کی کنجی بناتی ہیں۔
قبائلی علاقوں میں حالیہ کچھ دنوں میں ہونے والے بارودی سرنگ کے دھماکوں کے حوالے سے جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ قبائلی عوام دہشت گردوں کے سہولت کاروں سے چوکنا رہیں اور ایسے شرپسندوں پر نظر رکھیں جو پر امن عوام میں رہ کر دشمن قوتوں کیلئے کام کرتے ہیں۔
سربراہ پاک فوج کا کہنا تھا کہ چند شرپسندوں سے طاقت کے ذریعے نمٹنا کوئی مشکل نہیں لیکن سیکیورٹی اہلکاروں کی شہادتوں کے باوجود ہم نے ان سے اس طرح نمٹا ہے کہ پرامن شہریوں کو کوئی مشکل نہ ہو۔ آرمی چیف کا مزید کہنا تھا کہ باہمی تعاون سے ہی ہم دہشت گردوں کو شکست دیں گے۔
اس موقع پر قبائلی عمائدین نے آرمی چیف کو یقین دلایا کہ وہ قیام امن کیلئے سیکیورٹی فورسز کی مدد جاری رکھیں گے۔
قبائلی عمائدین نے آرمی چیف سے علاقے میں جاری ترقیاتی کاموں کو جلد مکمل کروانے اور مزید منصوبوں کی بھی درخواست کی، جس پر آرمی چیف نے ترقیاتی منصوبے اپنے وقت پر مکمل کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ ان منصوبوں سے علاقے میں امن استحکام اور خوشحالی آئے گی۔