نیویارک (جیوڈیسک) پاکستان نے اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل میں بھارت کی مستقل رکنیت حاصل کرنے کی کوششوں کی مخالفت کردی۔
اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل کی اصلاحات پر جاری بحث کے دوران پاکستان کے مستقل مندوب مسعود خان کا کہنا تھا کہ جی فور میں شامل ممالک جرمنی، انڈیا ، برازیل اور جاپان سمجھتے ہیں کہ وہ طاقتور اور مالی طور پر مستحکم ہیں جس کی بنا پر وہ اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل کے مستقل ممبر کی حیثیت لینا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جی فور ممالک اپنے مفادات کیلئے غیر مستقل رکن ممالک کے حقوق غصب کرنا چاہتے ہیں جو کسی صورت قبول نہیں جبکہ جی فور ممالک چاہتے ہیں کہ دیگرارکان بھی سیکیورٹی کونسل کا مستقل ممبر بنانے کے لئے ان کی حمایت کریں تاہم انہیں واضح اکثریت حاصل نہیں۔
مسعود خان کا کہنا تھا کہ جی 4 ممالک کی جانب سے سیکیورٹی کونسل کی مستقل رکنیت کے حصول کے بعد غیر ضروری مراعات حاصل کرنے کا خدشہ ہے جبکہ اس کے برعکس اٹلی اور کولمبیا کی پیشکش کی حمایت کی جاسکتی ہے جس میں تمام غیر مستقل رکن ممالک کے مفادات کو تحفظ حاصل ہے۔