اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان امن چاہتا ہے لیکن قوم کے وقار اور اصولوں پر سمجھوتے پر نہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پیپلز لبریشن آرمی کے ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا جہاں انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پی ایل اے کے کمانڈر آرمی جنرل ہان ویگو اور سینٹرل ملٹری کمیشن کے وائس چیئرمین سے بھی ملاقات کی جس میں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سمیت علاقائی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا جب کہ اس دوران پاک چین دفاعی تعاون پر بھی گفتگو ہوئی، اس کے علاوہ خلیج کی صورتحال اور افغانستان میں امن پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے مسئلہ کشمیر پُرامن حل نہ ہونے کی صورت میں کشمیر میں جاری صورتحال کے ممکنہ نتائج سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کو یو این قراردادوں کا احترام کرتے ہوئے کشمیرمیں انسانی حقوق کی فراہمی یقینی بنانے کی ضرورت ہے۔
چین کی فوجی قیادت نے کشمیر پر پاکستان کے اصولی مؤقف کو سراہا اور امن کے لیے پاکستان کے اقدامات کی تعریف کی جب کہ دونوں ملکوں کی فوجی قیادت نے اتفاق کیا کہ پاک بھارت جاری کشیدگی دور نہ ہونے سےخطےکےامن واستحکام پرسنگین نتائج ہوں گے۔
اس کے علاوہ پاک چین فوجی قیادت نے تاریخی باہمی تعلقات کے تحت دفاعی تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان امن چاہتا ہے لیکن قوم کے وقار اور اصولوں پر سمجھوتے پر نہیں۔