پشاور (جیوڈیسک) خیبر پختون خوا کے سینئر وزیر سراج الحق کا کہنا ہے کہ پاکستان امن و امان کی صورتحال پردنیا بھر میں تماشا بنا ہواہے، طالبان سے مذاکرات ہونے چاہئیں کیونکہ طاقت کے استعمال سے نفرتوں میں اضافہ ہوگا۔ کراچی پریس کلب میں میٹ دی پریس سے خطاب کرتے ہوئے خیبر پختون خوا کے سینئر وزیر اور جماعت اسلامی کے نائب امیر سراج الحق کا کہنا تھا کہ ملک کو درپیش مسائل کوئی بھی جماعت اکیلے حل نہیں کر سکتی۔
انہوں نے کہا کہ خیبر پختون خوا میں وزیراعلی اور گورنر کے اخراجات 50 فیصد کم کرکے تعلیم پر خرچ کیے جائیں گے۔ سراج الحق نے اس بات پر زور دیا کہ طالبان سے مذاکرات ہونے چاہیئں کیونکہ طاقت کے استعمال سے نفرتوں میں اضافہ ہوگا۔ ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ وفاق نے خیبر پختون خوا سے ہمیشہ زیادتی کی ہے، دو سال سے صوبے کو این ایف سی ایوارڈ کا حصہ نہیں ملا۔