اسلام آباد (جیوڈیسک) غیر ملکی سرمایہ کاروں کا کہنا ہے کہ پا کستان پرامن ملک ہے، بیرون ملک پاکستان کا منفی امیج پیش کیا جا رہا ہے جو درست نہیں۔ وزیراعظم کے سفیربرائے سرمایہ کاری جاویدملک کہتے ہیں کہ غیر ملکی سرمایہ کاری پاکستان لا کر دنیا کو اپنے ملک کا مثبت امیج دکھائیں گے۔
غیر ملکی کاروں کے وفد نے راولپنڈی ایوان ہائے صعنت وتجارت میں پاکستانی تاجروں سے ملاقات کی اور باہمی سرمایہ کاری کے مختلف شعبوں کا جائزہ لیا۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیراعظم کے خصوصی سفیر برائے سرمایہ کاری جاوید ملک نے کہا کہ حکومت ملک کی اقتصادی ترقی کے لیے بیرونی سرمایہ کاری کی بھر پور حوصلہ افزائی کر رہی ہے۔ اس وفد میں شال کمپنیاں معدنیات، پیٹرولیم اور گیس میں ایم او یو پر دستخط کریں گی بلکہ ہم ان پر عمل درآمد کو بھی یقینی بنائیں گے۔
غیر ملکی سرمایہ کاروں نے کہا کہ یہاں آکر انہیں معلوم ہوا کہ پاکستان نہ صرف معدنی ذخائر کا مرکز ہے بلکہ یہ بہت پرامن ملک اور یہاں کے لوگ بڑے محنتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان آکر خوش ہوں، پاکستان میں بہت پوٹینشل ہے اور پاکستان کا بیرون ملک درست امیج پیش نہیں کیا جاتا جو کہ unfair ہے۔ غیر ملکی سرمایہ کاروں نے پاکستان میں تیل و گیس اور معدنی ذخائر کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے حوالے سے وفاقی وزیرپٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی، وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور وزیر مملکت پانی و بجلی عابد شیر علی سے بھی ملاقاتیں کیں۔ وزراء نے یقین دلایا کہ حکومت غیر ملکی سرمایہ کاروں کو تمام سہولتیں دینے کا عزم کیے ہوئے ہے۔