اسلام آباد (جیوڈیسک) 21 اگست کی صبح کائل ڈمپسٹر اور اسکاٹ ایڈمسن نے اوگر ٹو کی شمالی سمت میں چوکتوری گلیشیئر کے قریب سے اپنی مہم کا آغاز کیا۔ پاکستان کے شمالی علاقے میں ایک چوٹی کو سر کرنے کی مہم میں شامل دو امریکی کوہ پیما تاحال لاپتا ہیں اور خراب موسم کے باعث ان کی تلاش کی سرگرمی بھی متاثر ہوئی ہے۔
کوہ پیمائی سے متعلق پاکستان کی ایک تنظیم “الپائن کلب” کی طرف سے جاری ایک بیان کے مطابق کائل ڈمپسٹر اور اسکاٹ ایڈمسن گلگت بلتستان میں 6963 میٹر بلند اوگر ٹو چوٹی کو سر کرنے کی مہم پر روانہ ہوئے تھے۔ بیان کے مطابق 25 جولائی کو اسکردو پہنچنے کے چند دن بعد یہ دونوں کوہ پیما اشکولی کے لیے روانہ ہوئے جہاں سے یہ اپنے گائیڈ عبدالغفور اور خانساماں شہزاد عالم اور مقامی قلیوں کے ساتھ بیس کیمپ چلے گئے۔
21 اگست کی صبح کائل ڈمپسٹر اور اسکاٹ ایڈمسن نے اوگر ٹو کی شمالی سمت میں چوکتوری گلیشیئر کے قریب سے اپنی مہم کا آغاز کیا۔ بیان کے مطابق ابتدائی طور یہ مہم پانچ روز پر مشتمل تھی لیکن جب مقررہ وقت تک یہ کوہ پیما واپس نہیں آئے تو بیس کیمپ نے الپائن کلب کو اس بابت مطلع کیا جس کے بعد مقامی انتظامیہ اور کوہ پیماؤں کے اہل خانہ سے رابطہ کیا گیا۔
بیان میں بتایا گیا کہ کوہ پیما تاحال لاپتا ہیں اور خراب موسم کی وجہ سے ان کی تلاش کی کارروائی متاثر ہوئی ہے، لیکن توقع ہے کہ موسم بہتر ہوتے ہی ہیلی کاپٹر کی مدد سے تلاش کی سرگرمی دوبارہ شروع کر دی جائے گی پاکستان کے شمال میں دنیا کی بلند ترین چوٹیوں میں شمار ہونے والی چوٹیاں واقع ہیں اور ہر سال درجنوں غیر ملکی کوہ پیما اور مہم جو یہاں کا رخ کرتے ہیں۔