کراچی (جیوڈیسک) آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا کہنا ہے کہ پاکستانی قوم انتہائی بہادر اور پرعزم ہے، کشمیر اور فلسطین کے مسائل کا حل انتہائی ضروری ہے۔ ڈیفنس ایکسپو 2014 کی تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ جمہوری ممالک کی افواج کو اخلاقی اقدار کا خیال رکھنا ہوتا ہے، ایک سپاہی کو اخلاقی اور قانونی طور پر جوابدہ ہونا پڑتا ہے، پاکستان پوری دنیا کے لیے ایک مثال ہے، ہمیں اپنے نظریات کے تحفظ کے لیے کام کرنا ہوگا۔
جنرل راحیل شریف نے کہا کہ دہشت گرداپنی سوچ مسلط کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، تنازعات اور دہشتگردی کے خاتمے کیلئے حقیقت پسندانہ کردار ادا کرنا ہوگا، این جی اوز، ملٹی نیشنل کمپنیز بھی ملکی سیکیورٹی کو خطرے میں ڈالتی ہیں۔ان کا کہناتھا کہ ہم ایک مشکل وقت میں زندگی گزار رہے ہیں، نمائش میں شرکت پر نہایت خوشی ہوئی، حالات کے ساتھ دفاعی ضروریات بھی تبدیل ہورہی ہیں۔
آرمی چیف نے کہا کہ نان اسٹیٹ ایکٹرز کی وجہ سے سیکیورٹی کے عالمی خطرات پیدا ہوگئے، دہشتگردوں سے عالمی امن کو خطرات لاحق ہیں، مذہب اور گروہی شناخت بھی جنگوں کی نئی وجوہات بن رہی ہیں، غربت، بے روزگاری، فوڈ سیکیورٹی اور پانی کی کمی بھی نئے سیکیورٹی چیلنجز ہیں۔
جنرل راحیل شریف نے کہا کہ فلسطین اور کشمیر جیسے مسائل سے خطے کی سیکیورٹی خطرے میں پڑسکتی ہے،ان دونوں مسائل کا حل اشد ضروری ہے۔