نئی دہلی (جیوڈیسک) بھارتی میڈیا کے مطابق”پاکستان“ کے عوام سابق وزیراعلیٰ گجرات نریندر مودی کو بھارت کا وزیر اعظم دیکھنا چاہتے ہیں ، یہ جان کر آپ بھی چونک گئے لیکن یہ حقیقت ہے۔بھارتی ریاست بہار کے ضلع پرنائے میں واقع ایک گاوٴں کا نام ” پاکستان“ ہے۔
غربت، ناخواندگی اور بنیادی سہولتوں کی کمی سے پریشان۔عوام۔ اپنے علاقے میں ترقی اور خوشحالی دیکھنا چاہتے ہیں۔ اسی لیے وہ نریندرمودی کوووٹ دے کر بھارت کا اگلا وزیراعظم دیکھنا چاہتے ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق 250 سے زائد رہائشیوں پر مشتمل اس دیہات میں سو سے زائد ووٹرز ہیں۔بہار کے اس حلقہ میں پولنگ 24 اپریل کو ہوگی۔
اور ہاں اس گاوٴں ”پاکستان“ کی دلچسپ بات یہ ہے کہ اس میں نہ تو کوئی مسلمان ہے اور نہ ہی کوئی مسجد۔ سرکاری دستاویزات کے مطابق 1947ء میں تقسیم برصغیر کے بعد اس گاوٴں کا نام پاکستان رکھا گیا تھااور یہاں مقیم مسلمانوں نے مشرقی پاکستان میں رہنے کو ترجیح دی تھی ، جو اب بنگلہ دیش بن چکا ہے۔