کراچی (اسٹاف رپورٹر) جموں کشمیر پیپلز پارٹی سندھ بلوچستان زون کے صدر سردار ظفر حسین نے کہا ہے کہ دنیا کی کوئی طاقت کشمیریوں کو اُن کے حقوق کے حصول سے نہیں روک سکتی ، لاکھوں کشمیری عوام نے آزادی کی جنگ میں جامِ شہادت نوش کیا اور آج بھی غیور کشمیری بھارتی ڈوگرہ مظالم برداشت کرتے ہوئے آزادی کی جنگ لڑرہے ہیں جموں کشمیر پی پی مظلوم کشمیریوں کی واحد نمائندہ جماعت ہے جوکہ سردار ابراہیم کے فکر و فلسفہ پر عمل کرتے ہوئے چیئر مین سردار خالد ابراہیم کی قیادت میں اصولوں کی سیاست کررہی ہے ،
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گرین ٹائون ، گولڈن ٹائون ، کشمیر کالونی کورنگی روڈ کے مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، سردار ظفر حسین نے مزید کہا کہ آزاد کشمیر میں استحصالی عناصر ذاتی مفادات کی سیاست کرتے ہوئے کشمیریوں کا استحصال کررہے ہیں جسے کسی صورت اب مزید برداشت نہیں کیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ کراچی سمیت اندرونِ سندھ مقیم کشمیریوں نے فیصلہ کرلیا ہے کہ آئندہ انتخابات میں وہ جموں کشمیر پیپلز پارٹی کے نامزد کردہ امیدواروں کو بھرپور طریقے سے کامیاب کرائیں گے، تاکہ موجودہ حالات میں وہ جن مسائل میں گھرے ہوئے ہیں اُن سے چھٹکارا حاصل کیا جاسکے، سردار ظفر حسین نے مزید کہا کہ کراچی میں مقیم کشمیری عوام جموں کشمیر پیپلز پارٹی کے پلیٹ فارم پر متحد ہوکر سردار خالد ابراہیم کے ہاتھ مضبوط کریں۔