اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) پیٹرولیم ڈویژن کا کہنا ہے کہ پاکستان میں اگلے 15 روز کا پیٹرولیم مصنوعات کا ذخیرہ وافر مقدار میں موجود ہے۔
پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کے اسٹاک سے متعلق بیان میں کہا گیا ہے کہ ملک میں پیٹرول 285 ہزارمیٹرک ٹن اور ڈیزل 350 ہزارمیٹرک ٹن موجود ہے۔
ترجمان پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق اس کے علاوہ کیماڑی اور پورٹ قاسم میں پی ایس او کے پیٹرولیم مصنوعات بردار 2 جہاز لنگر انداز ہیں، ان جہازوں میں بالترتیب 50 ہزارمیٹرک ٹن پیٹرول اور 55 ہزار میٹرک ٹن ڈیزل موجود ہے۔
ترجمان پیٹرولیم ڈویژن کا کہنا ہے کہ اگلے 15 روز کے لیے ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کا ذخیرہ وافر مقدار میں موجود ہے لہذا عوام سے اپیل ہے کہ وہ ضرورت کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی خریداری کریں۔