اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) حسن علی اور شاہین شاہ آفریدی کی شاندار بولنگ کے باعث پاکستان نے جنوبی افریقا کو پنڈی ٹیسٹ میں 98 رنز سے شکست دیکر دو میچوں کی سیریز میں وائٹ واش مکمل کر لیا۔
کھیل کے آخری روز جنوبی افریقا نے اپنی دوسری نامکمل اننگز کا آغاز کیا تو ایڈن مارکرم 59 اور وین ڈر ڈاؤسن 48 رنز پر بیٹنگ کر رہے تھے۔
حسن علی نے 127 رنز کے مجموعے پر پہلے ڈاؤسن کو آؤٹ کیا اور پھر فاف ڈوپلیسی کو بھی 135 رنز پر پویلین بھیج دیا۔
ڈوپلیسی کے آؤٹ ہونے کے بعد مارکرم اور ٹمبا باووما کے درمیان 106 رنز کی اچھی شراکت قائم ہوئی اور اسی دوران مارکرم نے اپنی سنچری مکمل کی جبکہ باووما نے ففٹی بنائی۔ مارکرم 108 رنز بنا کر حسن علی کا شکار بنے جبکہ باووما کو 62 رنز پر شاہین شاہ آفریدی نے آؤٹ کیا۔
حسن علی نے پروٹیز کپتان کوئنٹن ڈی کوک کو بھی پہلی ہی گیند پر آؤٹ کیا جبکہ جارج لنڈے کی وکٹ حاصل کر کے حسن علی نے اپنا پانچواں شکار کیا۔
جنوبی افریقا کی پوری ٹیم دوسری اننگز میں 274 رنز پر آؤٹ ہو گئی اور اس طرح پاکستان نے میچ 98 رنز سے جیت لیا۔
پاکستان کی جانب سے حسن علی نے 5 جبکہ شاہین شاہ آفریدی نے 4 اور یاسر شاہ نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں 272 رنز بنائے تھے جس کے جواب میں جنوبی افریقا کی ٹیم پہلی اننگز میں 201 رنز پر ڈھیر ہو گئی تھی جبکہ دوسر ی اننگز میں پاکستان نے 298 رنز اسکور کر کے جنوبی افریقا کو جیت کے لیے 370 رنز کا ہدف دہا تھا۔
خیال رہے کہ دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں پاکستان کو ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔