اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان کے میدانی علاقوں میں آج بھی گرمی کا راج ہے۔ لاہور، ملتان اور فیصل آباد سمیت کئی شہروں میں پارہ 45 ڈگری پر پہنچ گیا۔ آج سب سے زیادہ درجہ حرات موئنجو دڑو میں 48 ڈگری سینٹی گریڈ رکارڈ کیا گیا۔
ملک کے بیشتر علاقوں میں گرم موسم نے اثر دکھانا شروع کر دیا ہے، جھلسا دینے والی گرمی کے سبب لوگ بے حال ہیں۔
کوئی درختوں کے سائے میں پناہ لیتا نظر آرہا ہے، تو کسی نے گرمی سے بچنے کے لیے نہروں کی طرف رخ کیا ہے۔ کئی شہروں میں تو درجہ حرارت پینتالیس ڈگری سے بھی تجاوز کر گیا ہے۔
کراچی سمیت سندھ کے کئی شہر بھی گرمی کی لپیٹ میں ہیں اور لوگوں نے اس سے بچنے کے لیے برف اور ٹھنڈے مشروبات کااستعمال بڑھا دیا ہے۔
ملتان، بہاولپور، ڈیرہ غازی خان سمیت پنجاب میں بھی سورج آگ برسا رہا ہے، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ گرمی کی یہ لہر ابھی کچھ روز برقرار رہے گی۔