میرپور، ڈھاکا (جیوڈیسک) پاکستان نے بنگلا دیش کے خلاف دوسرے کرکٹ ٹیسٹ کے دوسرے روز 557 رنز 8 کھلاڑی آئوٹ پر اننگز ڈکلیئر کردی۔ اظہر علی نے شاندار ڈبل سنچری اسکور کی۔
پاکستان نے آج 323 رنز تین کھلاڑی آئوٹ پر اپنی نامکمل اننگز کا آغاز کیا، اظہر علی 127 اور کپتان مصباح الحق 9رنزکے ساتھ میدان میں اترے۔ مصباح اسکور میں اضافہ کیے بغیر آئوٹ ہوگئے۔ اظہر علی اور اسد شفیق نے پانچویں وکٹ کی شراکت میں 207 رنزبناکر میچ پر گرفت مضبوط کردی۔
اظہر علی نے وکٹ کے چاروں طرف دلکش اسٹروکس کھیلتے ہوئے 406 گیندوں پر 19 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے کیریئر کی پہلی ڈبل سنچری بنائی۔ دوسری جانب اسد شفیق نے بھی عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے سنچری اسکور کی۔ٹیسٹ کیریئر میں اسد شفیق کی یہ چھٹی سنچری ہے۔اسد شفیق نے 149 گیندوں کا سامنا کیا، ان کی سنچری میں 9 چوکے اور ایک چھکا شامل ہے۔
اظہر علی 226 اور اسد شفیق 107 رنز بناکر آئوٹ ہوئے۔ جب ٹیم کا اسکور 8 وکٹوں پر 557 ہوا تو کپتان مصباح الحق نے اننگز ڈکلیئر کرنے کا اعلان کردیا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ ڈرا ہو گیا تھا۔